پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر سے لاکھوں لوگوں کی جان کو خطرہ ہے، ورلڈ بینک

15 مئ 2021
عالمی بینک نے 15کروڑ 30 ڈالر پاکستان میں ویکسینیشن مہم کی معاونت کے لیے مختص کردیے ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی
عالمی بینک نے 15کروڑ 30 ڈالر پاکستان میں ویکسینیشن مہم کی معاونت کے لیے مختص کردیے ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی

ورلڈ بینک نے کہا ہے کہ پاکستان میں کووڈ۔19 کی تیسری لہر سے لاکھوں لوگوں کی جان اور روزگار کو خطرہ ہے اور کورونا سے جنگ کے سلسلے میں جاری رقم میں سے 15کروڑ 30 ڈالر پاکستان میں ویکسینیشن مہم کی معاونت کے لیے مختص کردیے ہیں۔

ورلڈ بینک کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے پنڈیمک رسپانس افیکٹیونیس ان پاکستان(پی آر ای پی) منصوبے کی اپریل 2020 میں مںظوری دی تھی اور اب اس فنڈ میں سے 15 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی رقم ازسرنو مختص کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا کے پھیلاؤ میں کمی، 24 گھنٹوں میں 2 ہزار 517 کیسز، 48 اموات رپورٹ

ورلڈ بینک کے اعلامیے کے مطابق یہ فنڈز وفاقی حکومت کی درخواست پر دوبارہ جاری کیے جا رہے ہیں جس سے ورلڈ بینک کے معیار پر پورا اترنے والی محفوظ اور مؤثر کووڈ-19 ویکسین کی خریداری میں مدد ملے گی، اس منصوبے سے نظام صحت کی استعداد کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی جس سے ویکسی نیشن مہم پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے گا۔

ورلڈ بینک کے پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بنہاسین نے کہا کہ پاکستان میں کووڈ۔19 کی تیسری لہر مارچ 2021 میں نمودار ہوئی اور لاکھوں لوگوں کی جان اور روزگار کو خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی بینک اس صحت عامہ کے بحران سے نمٹنے کے سلسلے میں ویکسی نیشن اور وبائی امراض کے معاشرتی اور معاشی اثرات سے نمٹنے کے لیے مدد فراہم کرنے کے حوالے سے پاکستان کی مدد کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

پاکستان میں ویکسین کے لیے اس مالی اعانت کے علاوہ عالمی بینک نے افغانستان، بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا میں ویکسی نیشن کی خریداری اور رول آؤٹ کی کوششوں کی مدد کے لیے مجموعی طور پر 78کروڑ 85 لاکھ ڈالر فراہم کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'پنجاب میں کورونا وائرس کی مختلف اقسام موجود ہیں'

مالی اعانت کے علاوہ عالمی بینک جنوبی ایشیائی ممالک کے لیے منصفانہ اور مساوی ویکسین کی حکمت عملیوں کے سلسلے میں تکنیکی مدد اور علم سے متعلق ورکشاپس مہیا کر رہا ہے۔

دوسری جانب وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے عوام کو ویکسینیشن کرانے کی ترغیب دی۔

انہوں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئتر پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں یاد دہانی کرانا چاہتا ہوں کہ کل اور پرسوں ویکسینیشن سینٹر کھلے ہوئے ہیں۔

انہوں نے عوام کے نام پیغام میں کہا کہ اگر آپ نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی تو یہ ویکسین لگوانے کا بہترین موقع ہے اور اگر آپ کی عمر 40 سال یا اس سے زیادہ ہے تو آپ کسی بھی ویکسینیشن سینٹر پر جا کر ویکسین لگوا سکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ایئرلائنز کو پاکستان سے 30 فیصد اضافی پروازوں کی اجازت

یاد رہے کہ پاکستان میں حالیہ دنوں میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پھیلاؤ میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے اور یومیہ کیسز کی تعداد 5 ہزار سے کم ہو کر تقریباً 3 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ اموات کی شرح میں بھی نمایاں کمی آئی ہے اور 14 مئی کو ملک بھر میں 48 اموات ہوئیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں