3 روز تک کمی کے بعد پاکستان میں یومیہ کیسز دوبارہ 3 ہزار سے متجاوز

اپ ڈیٹ 17 مئ 2021
گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس کا شکار مزید 3 ہزار 754 افراد صحتیاب ہوئے —فائل فوٹو: رائٹرز
گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس کا شکار مزید 3 ہزار 754 افراد صحتیاب ہوئے —فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پھیلاؤ میں 3 روز تک کمی کے بعد دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور یومیہ کیسز ایک مرتبہ پھر 3 ہزار کی سطح عبور کر گئے۔

سرکاری سطح پر عالمی وبا کے اعداد و شمار مرتب کرنے والی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 3 ہزار 232 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ مزید 74 افراد انتقال کر گئے۔

ملک میں 16 مئی کو مجموعی طور پر کووڈ-19 کی تشخیص کے لیے 36 ہزار 725 ٹیسٹس کیے گئے جس کے نتیجے میں کورونا کیسز کے مثبت آنے کی شرح 8.80 فیصد رہی اور فعال کیسز کم ہو کر 68 ہزار 223 رہ گئے ہیں۔

پاکستان میں اب تک 8 لاکھ 80 ہزار 362 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 19 ہزار 617 زندگی کی بازی ہار گئے۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس کا شکار مزید 3 ہزار 754 افراد صحتیاب ہوئے یوں کورونا سے صحتیاب ہونے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 92 ہزار 522 تک جاپہنچی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق 26 فروری 2020 کو ہوئی تھی، جس کے بعد سے وبا کے پھیلاؤ میں اتار چڑھاؤ جاری ہے اور اب تک وائرس کی 3 لہریں دیکھی جاچکی ہیں۔

موجودہ لہر کے دوران کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں اضافے کے پیشِ نظر عوام کو گھروں تک محدود رکھنے کے لیے عیدالفطر کے موقع پر تفریحی مقامات بشمول پبلک پارکس، پکنک پوائنٹس، سیاحتی مقامات، ساحلِ سمندر وغیرہ بند رکھے گئے۔

ملک میں 17 مئی 2021 کو کورونا وائرس کیسز اور اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب

کورونا وبا کی تیسری لہر کے دوران سب سے زیادہ متاثر ہونے والے صوبے پنجاب میں 2 روز کے بعد کیسز میں دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہاں کورونا کے مزید ایک ہزار 700 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 44 مریض انتقال کر گئے۔

پنجاب میں مجموعی طو پر کورونا وائرس سے 3 لاکھ 27 ہزار 362 افراد متاثر جبکہ 9 ہزار 411 انتقال کرچکے ہیں۔

سندھ

صوبہ سندھ میں وبا کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے اور یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے ایک ہزار 116 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ مزید 7 مریض دم توڑ گئے۔

مذکورہ اضافے کے بعد سندھ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 99 ہزار 194 جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 4 ہزار 801 تک جاپہنچی ہے۔

خیبرپختونخوا

کورونا وائرس کی تیسری لہر نے پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا کو زیادہ متاثر کیا تھا اور یہاں بھی مسلسم 3 روز تک کمی کے بعد گزشتہ روز کیسز میں معمولی اضافہ دیکھا گیا رجحان ہے اور کووڈ-19 کے مزید 251 کیسز اور 20 اموات رپورٹ ہوئیں۔

اب تک خیبر پختونخوا میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 27 ہزار 38 افراد وبا سے متاثر جبکہ 3 ہزار 786 لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

بلوچستان

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے سب سے وسیع صوبے میں مزید 35 افراد وائرس سے متاثر پائے گئے اور 3 انتقال کرگئے۔

نئے کیسز کے اضافے کے بعد بلوچستان میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 23 ہزار 866 ہوگئی جبکہ اموات کی تعداد 267 تک جا پہنچی ہے۔

اسلام آباد

کورونا کی تیسری لہر نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو بھی متاثر کیا ہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 98 کیسز سامنے آئے۔

اسلام آباد میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 79 ہزار 221 ہے جبکہ 731 افراد وبا سے انتقال کرچکے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 27 کیسز کی تصدیق ہوئی اور ایک مریض دم توڑ گیا۔

مذکورہ اضافے کے بعد آزاد کشمیر میں کورونا وائرس مجموعی طور پر 18 ہزار 258 افراد کو متاثر کرچکا ہے جبکہ 514 افراد کی موت کا سبب بھی بنا ہے۔

گلگت بلتستان

کورونا وائرس سے سب سے کم گلگت بلتستان متاثر ہوا ہے اور وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5 کیس سامنے آئے اور 30 اپریل کے بعد سے مزید کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 ہزار 423 جبکہ اموات کی مجموعی تعداد 107 ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں