شادی سے متعلق بیٹی کی بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، والد ملالہ

اپ ڈیٹ 03 جون 2021
بیٹی کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے، والد ملالہ—فائل فوٹو: دی گارجین
بیٹی کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے، والد ملالہ—فائل فوٹو: دی گارجین

نوبیل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی کے والد ضیا الدین یوسف زئی نے کہا ہے کہ شادی سے متعلق ان کی بیٹی کے بیان کو انٹرویو کے سیاق و سباق سے ہٹ کر شیئر کیا جا رہا ہے۔

ضیا الدین یوسف زئی نے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی جانب سے ٹوئٹر پر کیے جانے والے سوال کے جواب میں کہا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا ان کی بیٹی کے بیان کو غلط پیش کر رہا ہے۔

مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے ملالہ یوسف زئی کے والد سے پوچھا تھا کہ ’کل سے سوشل میڈیا پر ایک خبر زیر گردش ہے کہ ان کی بیٹی نے رشتہ ازدواج کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شادی کرنے سے بہتر ہے کہ پارٹنر شپ کی جائے نہ کہ نکاح‘۔

یہ بھی پڑھیں: ملالہ برطانوی فیشن میگزین کے سرورق کی زینت، انٹرویو میں اَن کہی باتیں

مفتی شہاب الدین نے ضیا الدین یوسف زئی کو بتایا تھا کہ مذکورہ خبر کے بعد ہم سب شدید اضطراب میں مبتلا ہیں، اس لیے وہ اس کی وضاحت فرمادیں۔

مفتی صاحب کے سوال پر نوبیل انعام یافتہ کارکن کے والد نے جواب دیا کہ ’محترم مفتی پوپلزئی صاحب ایسی کوئی بات نہیں، میڈیا اور سوشل میڈیا نے ان کی بیٹی کے انٹرویو کی اقتباس کو سیاق و سباق سے ہٹ کر اور تبدیل کرکے اپنی تاویلات کے ساتھ شئیر کیا ہے، اور بس‘۔

ملالہ کے والد نے مفتی پوپلزئی کے سوال کا جواب دیا—اسکرین شاٹ
ملالہ کے والد نے مفتی پوپلزئی کے سوال کا جواب دیا—اسکرین شاٹ

ضیا الدین یوسف زئی کی جانب سے جواب دیے جانے پر بھی کئی صارفین مطمئن دکھائی نہیں دیے اور انہوں نے ان سمیت ان کی بیٹی پر تنقید کی اور کہا کہ اگر مذکورہ خبر جھوٹ ہے تو تاحال ملالہ یوسف زئی خاموش کیوں ہیں؟

خیال رہے کہ نوبیل انعام یافتہ سماجی کارکن نے ووگ میگزین کو حال ہی میں انٹرویو دیا تھا، وہ میگزین کے آئندہ ماہ کے شمارے کی سرورق کی زینت بنیں گی۔

مزید پڑھیں: متھیرا کا ملالہ یوسف زئی کے شادی کے بیان پر رد عمل

ملالہ یوسف زئی نے انٹرویو میں ان کہی باتوں پر کھل کر گفتگو کی تھی اور انہوں نے شادی سے متعلق بھی کہا تھا کہ اگر کسی شخص کو دوسرے شخص کا ساتھ چاہیے تو اس کے لازمی نہیں ہے کہ شادی کے کاغذات (نکاح نامے) پر دستخط کیے جائیں۔

ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ ان کا فی الحال شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور نہ ہی وہ بچے پیدا کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

نوبیل انعام یافتہ کارکن کے مذکورہ بیان کے بعد ان پر شدید تنقید کی گئی اور ٹوئٹر پر ان کا نام ٹاپ ٹرینڈ بھی رہا۔

تبصرے (3) بند ہیں

Fazli Shah Jun 03, 2021 08:21pm
whether this girl is getting married or not and whether her parent divorce or remain together is not a matter related to any other human- don't even bother to know about it
نعمان Jun 03, 2021 09:23pm
والد کا یہ بیان ہی ملالہ کو سیاست کے لیے تیار کرنے جیسا ہے۔
Faisal Jun 04, 2021 12:46pm
I think Malala's father has learnt to speak a Pakistani politician's language where it is common to say one thing and then deny it the next day in the media. What Malala said is totally wrong and gives a very bad message to the youth especially in our country. Unfortunately our media of late is also towing the same line under the banner of 'Personal Freedom'. Something which is not allowed under Islam cannot be given another twist as was done by Malala!