اسلام آباد: فائرنگ کے واقعے میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق

اپ ڈیٹ 04 جون 2021
پولیس افسر نے کہا کہ اہلکاروں کی لاشیں ضابطے کی کارروئی کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کی گئیں — فوٹو: شکیل قرار
پولیس افسر نے کہا کہ اہلکاروں کی لاشیں ضابطے کی کارروئی کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کی گئیں — فوٹو: شکیل قرار

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں رات گئے فائرنگ کے واقعے میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق کانسٹیبلز اشتیاق رانجھا اور بشیر شاہ شمس کالونی کے علاقے میں موٹر سائیکل پر معمول کے مطابق گشت کر رہے تھے جس دوران ان پر فائرنگ کی گئی۔

سینئر پولیس افسر نے کہا کہ آئی جے پرنسپل روڈ پر کنسٹرکشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے قریب فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ جب پولیس کی ٹیم جائے وقوع پر پہنچی تو اس نے ایگل اسکواڈ کے 2 پولیس اہلکاروں کی لاشیں دیکھیں جو موٹرسائیکل سے کچھ فاصلے پر تھیں۔

واقعے کے فوری بعد پولیس نے علاقے کا محاصرہ کر لیا اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق

پولیس افسر نے کہا کہ اہلکاروں کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو کیسے نشانہ بنایا گیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ڈاکٹر مصطفیٰ تنویر نے ڈان کو بتایا کہ پولیس کی ٹیمیں جائے وقوع کا جائزہ لے رہی ہیں اور قاتلوں کی شناخت کے لیے سراغ ڈھونڈ رہی ہیں۔


یہ خبر 4 جون 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں