بھارتی ریاستوں میں کورونا کیسز میں کمی، لاک ڈاؤن میں نرمی کا آغاز

05 جون 2021
نئی دہلی میں نجی دفاتر کو بھی اب 50 فیصد عملے کے ساتھ کام کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ - فائل فوٹو:اے پی
نئی دہلی میں نجی دفاتر کو بھی اب 50 فیصد عملے کے ساتھ کام کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ - فائل فوٹو:اے پی

بھارت کی چند ریاستیں لاک ڈاؤن کی پابندیوں میں نرمی کر رہی ہیں جس کی وجہ کورونا وائرس کے کیسز میں کمی ہے۔

دنیا کی دوسری سب سے زیادہ آبادی والے ملک میں گزشتہ روز تقریباً 2 ماہ بعد سب سے کم کیسز ریکارڈ ہوئے۔

بھارتی دارالحکومت دہلی ان ریاستوں میں شامل ہے جو پابندیوں میں نرمی لارہے ہیں اور جہاں متبادل دنوں میں دکانیں کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔

نئی دہلی میں نجی دفاتر کو بھی اب 50 فیصد عملے کے ساتھ کام کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: بھارت میں پہلی مرتبہ کورونا سے 4 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ

نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کا کہنا تھا کہ 'دہلی میں کورونا وائرس کی صورتحال آہستہ آہستہ بہتر ہوتی جارہی ہے۔

انہوں نے آن لائن نیوز کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ ریاست 420 ٹن آکسیجن ذخیرہ کرنے کی گنجائش پیدا کرے گی۔

واضح رہے کہ کیسز میں اضافے کے بعد دہلی کے ہسپتالوں میں مریضوں کو آکسیجن سلنڈر اور بستر کے حصول میں مشکلات کا سامنا تھا تاہم کورنا کی لہر میں گزشتہ مہینے کے وسط سے کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ ریاست مستقبل میں ایک دن میں 37 ہزار نئے کیسز سے نمٹنے کے لیے تیار ہوگی۔

بھارت کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست اتر پردیش کے 75 اضلاع میں سے 55 اضلاع میں صرف رات کے وقت کرفیو کی پابندیاں اب بھی برقرار ہیں۔

مقامی حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ 'جن اضلاع میں 600 سے کم عمر کے مثبت کیسز ہیں ان کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے تاہم پابندیوں کے ساتھ جبکہ 600 سے زائد مثبت کیسز والے شہروں کو اگلے حکم تک لاک ڈاؤن میں رکھا جائے گا'۔

مجموعی طور پر بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک لاکھ 20 ہزار 529 نئے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 3 ہزار 380 اموات بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔

ملک میں مجموعی طور پر کیسز کی تعداد 2 کروڑ 86 لاکھ ہے جبکہ اب تک 3 لاکھ 44 ہزار 82 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں کورونا کی صورتحال اور مودی سرکار کی خود ستائشی اور تکبر

بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹرا میں مقامی حکومت 7 جون سے ایسے اضلاع میں مالز، فلم تھیٹر، ریسٹورانٹس اور دفاتر کھولنے کی اجازت دے گی جہاں مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سے کم ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات میں اور مغرب میں بھی تمام سرکاری اور نجی دفاتر کو 7 جون سے پورے عملے کے ساتھ کھلنے کی اجازت ہوگی۔

گجرات کی حکومت نے تجارتی سرگرمیوں پر بھی پابندی میں نرمی کی ہے۔

مشرقی ریاست اوڈیشہ میں کورونا وائرس کے واقعات میں کمی کی وجہ سے 3 اضلاع میں لاک ڈاؤن میں نرمی کی گئی ہے جب کہ جنوبی ریاست تامل ناڈو میں اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے اور وہاں 30 فیصد صلاحیت کے ساتھ دفاتر کھولنے کی بھی اجازت ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں