صدر کی ٹوئٹ ڈیلیٹ کرنے پر نائجیریا میں ٹوئٹر سروس معطل

اپ ڈیٹ 05 جون 2021
نائجیریا کے صدر محمد بوہاری نے ٹوئٹ میں علیحدگی پسندوں کو دھمکی دی تھی— فوٹو: رائٹرز
نائجیریا کے صدر محمد بوہاری نے ٹوئٹ میں علیحدگی پسندوں کو دھمکی دی تھی— فوٹو: رائٹرز

نائجیریا نے صدر محمد ہوباری کی پوسٹ ڈیلیٹ کرنے پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کی سروس کو غیرمعینہ مدت تک کے لیے معطل کردیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق صدر محمد بوہاری نے اپنی ٹوئٹ میں مقامی علیحدگی پسندوں کو سزا دینے کی دھمکی دی تھی جس کے نتیجے میں وہ ٹوئٹر قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے تھے اور دو دن قبل ان کی ٹوئٹ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ نے ڈیلیٹ کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: نائیجیریا میں طیارہ گر کر تباہ، آرمی چیف ہلاک

صدر کی پوسٹ ڈیلیٹ کرنے کے دو دن بعد ہی نائجیریا نے ملک میں ٹوئٹر سروس غیرمعینہ مدت تک کے لیے بند کردی۔

وزیر اطلاعات لائی محمد نے ٹوئٹر سروس کی معطلی کے حوالے سے کہا کہ حکومت نے یہ کارروائی اس لیے کی کیونکہ ان سرگرمیوں کے لیے پلیٹ فارم کے مستقل استعمال کی وجہ سے نائیجیریا کے کارپوریٹ وجود کو خطرات لاحق ہیں۔

معطلی کی تفصیلات کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ایک معاون خصوصی نے رائٹرز کو بتایا کہ انتظار کریں اور دیکھیں کہ معاملات کیا شکل اختیار کرتے ہیں۔

رائٹرز نے ٹوئٹرز سروس کی بندش کی جانچ کے حوالے سے جب لاگوس اور ابوجا میں ٹیسٹ کیے تو ہفتے کو دن کے ابتدائی گھنٹوں کے دوران کچھ موبائل آپریٹرز کے ذریعے ویب سائٹ تک رسائی ممکن نہ تھی البتہ ٹوئٹر کی ایپلی کیشن اور ویب سائٹ ملک میں دیگر نیٹ ورکس کے ذریعے قابل رسائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: نائجر میں مسلح افراد نے 137 افراد کو قتل کردیا

ٹوئٹر نے اپنے بیان میں کہا کہ نائجیریا کی حکومت کی جانب سے آپریشن کی معطلی کے بارے میں ٹوئٹر کو شدید تشویش ہے اور وہ اس بارے میں تحقیقات کررہا ہے، جب مزید معلومات ہوں گی تو اس حوالے سے آگاہ کردیا جائے گا۔

بدھ کے روز امریکی کی ٹیکنالوجی کمپنی نے کہا کہ سرکاری عمارتوں پر حملوں میں ملوث عناصر کو ٹوئٹ میں سزا دینے کی دھمکی دے کر نائجیریا کے صدر ٹوئٹر کے 'خراب رویے' کی پالیسی کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے اور اس پوسٹ کو ہٹا دیا گیا۔

اپریل میں نائجیریا کے وزیر اطلاعات نے اس وقت غصے میں شدید ردعمل کا اظہار کیا تھا جب ٹوئٹر نے پڑوسی ملک گھانا کو اپنے پہلے افریقی دفتر کے طور پر منتخب کیا تھا، انہوں نے کہا کہ کمپنی نائیجیریا کے حوالے سے ان خبروں سے متاثر تھی جن میں اس کی غلط منظر کشی کی گئی اور مظاہروں پر کریک ڈاؤن کی خبریں نشر کی گئیں۔

پولیس اصلاحات کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین نے پولیس کی جانب سے ہراساں کرنے کے مبینہ ثبوت سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے لیے منظم انداز میں چندہ اکٹھا کیا تھا، ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو جیک ڈورسی نے اپنے فالوورز کو عطیہ کرنے کی ترغیب دینے کے لیے ٹوئٹ کی تھی۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے 3 جے ایف-17 تھنڈر طیارے نائیجیرین ایئر فورس کے حوالے کردیے

مظاہروں کے تناظر میں محمد بوہاری نے 'جعلی خبروں' کے سدباب کے سلسلے میں سوشل میڈیا کے حوالے سے ضابطہ اخلاق بنانے کی ہدایت کی تھی۔

جمعہ کے روز نائیجیریا کے ایک سب سے بڑے موبائل آپریٹرز میں سے ایک ایئرٹیل کے ترجمان نے رابطہ کرنے پر یہ بتانے سے انکار کردیا کہ آیا کمپنی کو معطلی کے بارے میں کوئی سرکاری ہدایت موصول ہوئی ہیں یا نہیں۔

سب سے بڑے موبائل آپریٹر ایم ٹی این سے اس حوالے سے رابطے کی کوشش کی گئی لیکن انہوں نے کال اور میسیجز کا جواب دینے سے گریز کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں