کرینہ کپور کو ’سیتا‘ کے کردار کی پیش کش پر بھارتی برہم

اپ ڈیٹ 12 جون 2021
کئی لوگوں نے مذہب کی بنیاد پر کرینہ کپور کو تنقید کا نشانہ بنایا—فائل فوٹو: ووگ انڈیا
کئی لوگوں نے مذہب کی بنیاد پر کرینہ کپور کو تنقید کا نشانہ بنایا—فائل فوٹو: ووگ انڈیا

بولی وڈ ’بے بو‘ کرینہ کپور کو آنے والی فلم ’سیتا: دی انکارنیشن‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے کی پیش کش پر بھارتی عوام نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’تیمور‘ کی ماں ہندو دیوی کا کردار ادا نہیں کر سکتیں۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق فلم ساز الوکک ڈیسائی کی جانب سے آنے والی میگا بجٹ میتھالوجیکل فلم کے مرکزی کردار ’سیتا‘ کی پیش کش کرینہ کپور کو کیے جانے کے دو دن بعد ٹوئٹر پر ’بائیکاٹ کرینہ کپور‘ کا ٹرینڈ ٹاپ پر آگیا۔

رپورٹ کے مطابق بھارت کی عوام کرینہ کپور کو ’سیتا‘ کے کردار کی پیش کیے جانے پر برہم دکھائی دیے اور کئی لوگوں نے کہا کہ وہ ہندو دیوی کے کردار میں کسی ہندو اداکارہ کو ہی دیکھنا چاہیں گے۔

یہ بھی پڑھین: کرینہ کپور نے ’سیتا‘ کے کردار کے لیے 6 ہیروئنز جتنا معاوضہ مانگ لیا

رپورٹ کے مطابق لوگوں نے متعدد الزامات لگا کر کرینہ کپور کے خلاف ٹوئٹس کرنا شروع کیں اور فلم کی ٹیم سے مطالبہ کیا کہ ان کی بجائے کسی اور اداکارہ کو کاسٹ کیا جائے۔

ٹوئٹر پر کئی افراد نے ’بائیکاٹ کرینہ کپور‘ کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کرینہ کپور ہندو مذہب میں یقین نہیں رکھتیں اور ساتھ ہی وہ ’تیمور‘ کی ماں بھی ہیں، اس لیے وہ ہندو دیوی‘ سیتا‘ کا کردار ادا نہیں کر سکتیں۔

کئی لوگوں نے کرینہ کپور کی مسلمان اداکار سیف علی سے شادی اور ان کے بچے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کے بیٹے ’تیمور‘ کو ماضی کے بادشاہ ’تیمور‘ سے بھی جوڑا اور کہا کہ ماضی میں افغانستان سے آنے والے تیمور نے بھارت پر حملہ کیا تھا اور اب تیمور کو کرینہ کپور نے جنم دیا ہے، اس لیے وہ ’سیتا‘ کا کردار ادا نہیں کرسکتیں۔

بعض ٹوئٹر صارفین نے کرینہ کپور کی جانب سے ’سیتا‘ کے کردار کے لیے فلم سازوں سے 12 کروڑ روپے وصول کرنے پر بھی ٹوئٹس کیں۔

کچھ صارفین نے کہا کہ سیف علی خان کی اہلیہ اور تیمور خان کی ماں ’سیتا ماتا‘ کا کردار ادا نہیں کرسکتیں۔

زیادہ تر افراد نے کرینہ کپور کو مذہب کی بنیاد پر تنقید کا نشانہ بنایا اور دعویٰ کیا کہ وہ مسلمان ہو چکی ہیں اور وہ ہندو مذہب اور ہندو دیویوں کا احترام بھی نہیں کرتیں، اس لیے اسے ’سیتا‘ کا کردار نہیں دیا جا سکتا۔

واضح رہے کہ چند دن قبل خبریں آئی تھیں کہ کرینا کپور نے فلم ساز الوکک ڈیسائی کی فلم ’سیا: دی انکارنیشن‘ میں ’سیتا‘ کے کردار کے لیے 12 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا ہے۔

تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا تھا کہ فلم کی ٹیم نے کرینہ کپور کو ’سیتا‘ کے کردار کے لیے فائنل کیا تھا یا نہیں؟ اور یہ بھی واضح نہیں ہوسکا تھا کہ مذکورہ فلم کی شوٹنگ کب تک شروع ہوگی اور اس کی دیگر کاسٹ میں کون سے اداکار شامل ہیں؟

کرینہ کپور ہندو مذہب سے تعلق رکھتی ہیں، انہوں نے 16 اکتوبر 2012 کو مسلمان اداکار سیف علی خان سے شادی کی تھی۔

دونوں کی شادی کے بعد اگرچہ چہ مگوئیاں تھیں کہ کرینہ کپور نے اسلام قبول کیا ہے لیکن اس کی تصدیق نہیں ہوسکی تھی اور آج تک مذکورہ معاملے پر کرینہ اور سیف علی خان نے کھل کر بات نہیں کی۔

کرینہ کپور کے ہاں شادی کے 4 سال بعد 20 دسمبر 2016 کو پہلے بیٹے ’تیمور‘ علی خان کی پیدائش ہوئی تھی جب کہ رواں برس 21 فروری کو ان کے ہاں دوسرے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں