دنیا کے 'سب سے بڑے خاندان ' کے سربراہ کا 76 برس کی عمر میں انتقال

زیونا چنا کا خاندان ان کی  38 بیویاں، 89 بچوں جبکہ پوتے، پوتیوں، نواسے اور نواسیوں کی ایک بڑی تعداد پر مشتمل ہے—فائل فوٹو: ٹوئٹر
زیونا چنا کا خاندان ان کی 38 بیویاں، 89 بچوں جبکہ پوتے، پوتیوں، نواسے اور نواسیوں کی ایک بڑی تعداد پر مشتمل ہے—فائل فوٹو: ٹوئٹر

بھارتی ریاست میزورام سے تعلق رکھنے والے 38 بیویوں اور 89 بچوں پر مشتمل دنیا کے ’سب سے بڑے خاندان‘ کے سربراہ 76برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست میزورام کے گاؤں بکٹانگ تلنگموام کے رہائشی رہائش پذیر زیونا چنا کو دنیا کے سب سے بڑے خاندان کے سربراہ سمجھا جاتا تھا۔

زیونا چنا کا خاندان ان کی 38 بیویاں، 89 بچوں جبکہ پوتے، پوتیوں، نواسے اور نواسیوں کی ایک بڑی تعداد پر مشتمل ہے۔

وہ ذیابیطس اور بلند فشار خون (ہائی بلڈ پریشر) کے عارضوں میں مبتلا تھے اور انہی امراض کی پیچیدگیوں کے باعث آج (13جون کو) انتقال کرگئے۔

—فائل فوٹو: ٹوئٹر
—فائل فوٹو: ٹوئٹر

میزورام کے وزیر اعلیٰ زورامتھنگا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ ’میزورام کے لوگ بوجھل دل کے ساتھ 76 سالہ زیونا چنا کو الوداع کہتے ہیں جو دنیا کے سب سے بڑے خاندان کے سربراہ تھے جو ان کی 38 بیویوں اور 89 بچوں پر مشتمل ہے'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’ زیونا چنا کے خاندان کی وجہ سے میزورام اور ان کا گاؤں بکٹانگ تلنگنوام سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بن گئے ہیں'۔

ریاست میزورام کی رپورٹس کے مطابق زیونا چنا کا انتقال اتوار کو مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے ریاستی دارالحکومت ایزاول کے ایک نجی ہسپتال میں ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کی وجہ سے ہوا۔

زیونا، چنا پال کے سربراہ تھے، جو اقلیتی مسیحی خاندان سے تعلق رکھنے والے ان کے والد نے میزورام میں 1942 میں قائم کیا تھا۔

وہ 1945 میں پیدا ہوئے اور پہلی شادی 17 برس کی عمر میں کی تھی، ان کی پہلی بیوی، عمر میں ان سے 3 سال بڑی تھیں۔

—فائل فوٹو: ٹوئٹر
—فائل فوٹو: ٹوئٹر

انہوں نے 2004 میں آخری شادی کی تھی اور گاؤں میں ایک 4 منزلہ گھر قائم کیا تھا جہاں ان کی تمام بیویاں، بیٹے اور ان کی فیملیز ایک ساتھ رہائش پذیر تھیں۔

180 سے زائد افراد پر مشتمل یہ خاندان بھارت بھر میں کئی سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے۔

یہاں تک کہ بھارت کے ایک نامور ڈش واشنگ برانڈ نے اس خاندان کو اپنی اشتہاری مہم میں شامل کیا تھا۔

2017 میں ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ ان کی تمام بیویاں خود شادی کی پیشکش لے کر ان کے پاس آئی تھیں جسے وہ رد نہیں کرسکے اور اس طرح ان کا خاندان بڑھتا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں