وفاق المدارس العربیہ کے صدر مولانا عبدالرزاق اسکندر انتقال کر گئے

اپ ڈیٹ 30 جون 2021
مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر کی یاد گار تصویر — فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر کی یاد گار تصویر — فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

کراچی: وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر اور جامعتہ العلوم الاسلامیہ بنوری ٹاؤن کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر انتقال کر گئے۔

ان کی عمر 86 برس تھی، وہ کافی عرصے سے علیل تھے اور نجی ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل تھے۔

مولانا عبدالرزاق اسکندر شیخ الحدیث تھے اور گزشتہ 25 سال سے معروف دینی درسگاہ جامعہ بنوری ٹاؤن کراچی کے مہتمم تھے اور تادم وفات عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی امیر رہے۔

یہ بھی پڑھیں:ممتاز عالم دین مفتی زر ولی خان انتقال کر گئے

مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر 1935 میں کاکول ایبٹ آباد میں پیدا ہوئے، انہوں نے جامعہ بنوری ٹاؤن کے علاوہ جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ، جامعہ الازہر سے علمی استفادہ کیا۔

مرحوم بلاواسطہ ہزاروں اور بالواسطہ لاکھوں علما کے استاد تھے، ان کی نمازِ جنازہ بعد نماز عشاء بنوری ٹاؤن مسجد میں ادا کی جائے گی۔

جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر مشتاق احمد نے مولانا عبدالرزاق اسکندر کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہار کیا۔

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ مولانا نے دین کی تبلیغ و اشاعت میں زندگی گزاری، ساتھ ہی ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔

علاوہ ازیں مفتی تقی عثمانی نے بھی ایک پیغام میں مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر كى وفات کو ملک و ملت كا بہت بڑا سانحہ قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک و ملت کے لیے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں صرف ان کے اہل خانہ اور اہل مدرسہ نہیں، پوری علمی دنیا مستحق تعزیت ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں