شہزادی ڈیانا کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم، وینس فلم فیسٹیول میں نمائش کیلئے تیار

13 جولائ 2021
پابلو لارین کی فلم ’اسپینسر ’ میں  شہزادی کا کردار 30 سالہ اداکارہ کرسٹین اسٹیورٹ نے ادا کیا ہے—فوٹو: نیون
پابلو لارین کی فلم ’اسپینسر ’ میں شہزادی کا کردار 30 سالہ اداکارہ کرسٹین اسٹیورٹ نے ادا کیا ہے—فوٹو: نیون

برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم ’اسپینسر‘ کو ستمبر میں ہونے والے وینس فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔

ورائٹی کی رپورٹ کے مطابق آسکر نامزد یافتہ چلی کے فلم ساز پابلو لارین کی فلم ’اسپینسر ’ میں شہزادی کا کردار 30 سالہ اداکارہ کرسٹین اسٹیورٹ نے ادا کیا ہے۔

فلم کا نام لیڈی ڈیانا کے شاہی نام (اسپینسر) پر رکھا گیا ہے جس کی کہانی اسٹیون نائٹ نے لکھی ہے۔

مزید پڑھیں: کرسٹین اسٹیورٹ شہزادی ڈیانا بننے کو تیار

اسپینسر‘ میں شہزادی ڈیانا کی جانب سے شہزادہ چارلس سے علیحدگی اختیار کرنے اور شاہی زندگی کو ٹھکرانے کے فیصلے کو دکھایا جائے گا۔

—فوٹو: ای آن لائن
—فوٹو: ای آن لائن

اس فلم میں کرسٹین اسٹیورٹ کے ہمراہ جیک فاردنگ، شہزادہ چارلس کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے، فلم کی کاسٹ میں ٹیموتھی اسمال، سیلی ہاکنز، اور سین ہارس بھی شامل ہیں۔

اس فلم کو 2022 میں شہزادی ڈیانا کی 25 ویں برسی کے موقع پر ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

گزشتہ برس ’اسپینسر ‘ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فلم ساز نے کہا تھا کہ فلم کی کہانی میں دکھایا جائے گا کہ کوئی بھی خاتون جب اپنی ضد پر آتی ہے تو وہ شہزادیوں کی کہانیوں کو بھی بدل دیتی ہے اور وہ ملکہ بننے کو بھی تیار نہیں ہوتی۔

یہ بھی پڑھیں: 'شہزادی ڈیانا اپنے محبوب کے ساتھ پاکستان منتقل ہونا چاہتی تھیں'

فلم ساز نے کہا تھا کہ اسپینسر میں دکھایا جائے گا کہ کس طرح لیڈی ڈیانا کروڑوں دلوں پر راج کرنے اور شاہی زندگی گزارنے کے باوجود شاہانہ زندگی سے الگ ہونے کا فیصلہ کرتی ہیں۔

—فوٹو: شٹر اسٹاک
—فوٹو: شٹر اسٹاک

فلم میں لیڈی ڈیانا کو 2 کم عمر بچوں کی والدہ کے طور پربھی دکھایا جائے گا اور فلم میں شہزادہ ولیم اور ہیری کی ابتدائی زندگی کے چند سالوں کو بھی دکھایا جائے گا۔

واضح رہے کہ برطانوی شہزادوں ولیم اور ہیری کی والدہ اور شہزادہ چارلس کی سابق اہلیہ لیڈی ڈیانا 1997 میں ایک کار حادثے میں چل بسی تھیں اور ان کی زندگی کو پہلے بھی چند فلموں میں دکھایا جا چکا ہے۔

لیڈی ڈیانا کی زندگی دنیا بھر کے لوگوں کے تجسس کا باعث رہی ہے اور دنیا بھر میں ان کے کروڑوں مداح ابھی تک ان کی زندگی کے حوالے سے کئی باتیں جاننے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

وینس فلم فیسٹیول رواں برس یکم ستمبر کو منعقد ہوگا تاہم عالمی وبا کورونا وائرس اور اس کے مختلف ویرئنٹس کا پھیلاؤ فیسٹیول کے انعقاد کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں