بلوچستان کی ترقی اولین ترجیح ہے، وزیر خزانہ

14 جولائ 2021
وزیر خرانہ اور شاہ زین بگٹی کی ملاقات میں صوبے کی ترقی پر تبادلہ خیال کیا گیا — فائل فوٹو
وزیر خرانہ اور شاہ زین بگٹی کی ملاقات میں صوبے کی ترقی پر تبادلہ خیال کیا گیا — فائل فوٹو

اسلام آباد: بلوچستان میں مفاہمت و ہم آہنگی کے لیے وزیر اعظم کے معاون خصوصی نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین سے ملاقات کی اور بلوچستان کی ترقی کے حوالے سے درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ملاقات کے دوران شوکت ترین نے شاہ زین بگٹی کو آگاہ کیا کہ بلوچستان کی ترقی وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے جو صوبے کے نوجوانوں کو ملازمت کے موقع فراہم کرنے کے لیے بھی کام کر رہی ہے۔

انہوں نے معاون خصوصی کو یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون اور حمایت کرنے کو تیار ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں مفاہمت کیلئے شاہ زین بگٹی وزیراعظم کے معاون خصوصی مقرر

مرحوم نواب اکبر بگٹی کے پوتے اور طلال اکبر بگٹی کے بیٹے شاہ زین بگٹی، جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ اور قومی اسمبلی کے رکن ہیں، ان کی جماعت وفاق میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی اتحادی ہے۔

شاہ زین بگٹی کے بطور معاون خصوصی تقرر کو عمران خان کی حکومت کے لیے ان کی مضبوط حمایت کے طور پر دیکھا جارہا ہے، پی ٹی آئی حکومت ان دنوں ناراض بلوچ رہنماؤں سے بات چیت کے آپشنز پر غور کر رہی ہے۔

شاہ زین بگٹی کو وزیر اعظم کے اس اشارے کے محض دو روز بعد ہی ان کا معاون خصوصی مقرر کیا گیا کہ ان کی حکومت بلوچستان میں باغی گروپوں سے بات چیت کا آغاز کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں: وفاقی حکومت کا بلوچستان کے پسماندہ جنوبی اضلاع کیلئے 600ارب کے ترقیاتی پیکج کا اعلان

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی تھی کہ شاہ زین بگٹی، صوبے اور خطے کے وسیع تر مفاد میں ناراض بلوچ عوام کو منانے میں مثبت کردار ادا کریں گے۔

بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی اور صوبے میں سہولیات فراہم کرنے کے لیے چین کے فلیگ شپ منصوبے پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک) پر توجہ دی جارہی ہے۔

اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے بڑے منصوبوں کا آغاز کیا گیا ہے جن میں سڑکوں اور آب پاشی کے انفرااسٹرکچر، تعلیم اور صحت کی سہولیات، زراعت اور صنعتی ترقی کے منصوبے شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں