پاکستان اور انگلینڈ فیصلہ کن ٹی 20 میں آج مدمقابل

اپ ڈیٹ 20 جولائ 2021
تیسرے ٹی20 میچ کی فاتح ٹیم سیریز بھی اپنے نام کر لے گی— فوٹوؒ: اے ایف پی
تیسرے ٹی20 میچ کی فاتح ٹیم سیریز بھی اپنے نام کر لے گی— فوٹوؒ: اے ایف پی

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی20 میچ آج کھیلا جائے گا جہاں میچ کی فاتح ٹیم سیریز بھی اپنے نام کر لے گی۔

ون ڈے سیریز میں شکست کے بعد پاکستان کی ٹیم نے سیریز میں بہترین انداز میں کم بیک کرتے ہوئے پہلے ٹی20 میچ میں فتح حاصل کی۔

مزید پڑھیں: پہلا ٹی ٹوئنٹی: انگلینڈ کو ہوم گراؤنڈ میں 31 رنز سے شکست

بابر اعظم اور محمد رضوان کی عمدہ شراکت کی بدولت پاکستان نے 232 رنز کا ریکارڈ مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا تھا اور لیام لیونگسٹن کی شاندار سنچری کے باوجود انگلینڈ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

دوسرے میچ میں معین علی اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت انگلینڈ نے سیریز میں کامیابی سے واپسی کرتے ہوئے فتح اپنے نام کی تھی۔

سیریز 1-1 سے برابر ہونے کے بعد دونوں ٹیمیں آج اولڈ ٹریفورڈ میں فیصلہ کن معرکے کے لیے مدمقابل ہوں گی۔

مڈل آرڈر بیٹنگ کی ناکامی کے باوجود پاکستانی ٹیم میں کسی بھی تبدیلی کا امکان نہیں البتہ انگلینڈ کی ٹیم میں کپتان اوئن مورگن کی واپسی ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی بیٹنگ پھر دھوکا دے گئی، دوسرا ٹی ٹوئنٹی انگلینڈ کے نام

پاکستان کی ٹیم ایک مرتبہ پھر میچ میں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کے ساتھ ساتھ گزشتہ دو میچوں میں بہتر کھیل پیش کرنے والے شاداب خان پر انحصار کرے گی جبکہ ناتجربہ کار باؤلنگ لائن کا بوجھ شاہین شاہ آفریدی کے کندھوں پر ہو گا۔

عالمی نمبر ایک انگلینڈ کی ٹیم ثاقب محمد، لیام لیونگسٹن اور ثاقب محمود کی عمدہ فارم سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے گی جبکہ ٹیم کی نظریں عالمی نمبر ایک ٹی20 بلے باز ڈیوڈ ملان پر بھی مرکوز ہیں جو گزشتہ دونوں میچوں میں آؤٹ آف فارم نظر آئے۔

ملان کی فارم کو دیکھتے ہوئے انہیں مڈل آرڈر میں آزمایا جا سکتا ہے جبکہ ان کی جگہ جونی بیئراسٹو یا جوز بٹلر کو اوپری نمبروں پر جگہ دی جا سکتی ہے۔

گزشتہ دونوں میچوں کی نسبت اس میچ میں 200 رنز بننے کے امکانات انتہائی کم ہیں اور اس وقت پر 160-170 رنز کے ہدف کا دفاع کیا جا سکتا ہے کیونکہ وقت گزرنے کے ساتھ اسپنرز کے لیے سازگار ہوتی جائے گی۔

مزید پڑھیں: اعظم خان کا ‘مذاق’ اڑانے پر پی ٹی وی اسپورٹس پر فیصل قریشی، عدنان صدیقی کی تنقید

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ممکنہ طور پر ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوں گی۔

پاکستان: بابراعظم (کپتان)، محمد رضوان، صہیب مقصود، محمد حفیظ، فخر زمان، اعظم خان، شاداب خان، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور محمد حسنین

انگلینڈ: آئن مورگن (کپتان)، جیسن رائے، ڈیوڈ ملان، جونی بیئراسٹو، لیام لیونگسٹن، معین علی، لوئس گریگوری، ٹام کیوران، عادل رشید، ثاقب محمود اور میٹ پارکنسن

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں