ایف بی آر عہدیدار، اقوام متحدہ کی ٹیکس کمیٹی کے رکن مقرر

24 جولائ 2021
اشفاق احمد کو چار سال کی مدت کے لیے کمیٹی کا رکن منتخب کیا گیا ہے — فائل فوٹو
اشفاق احمد کو چار سال کی مدت کے لیے کمیٹی کا رکن منتخب کیا گیا ہے — فائل فوٹو

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کے محمد اشفاق احمد کو ٹیکس معاملات میں بین الاقوامی تعاون سے متعلق ماہرین کی کمیٹی کا رکن نامزد کردیا۔

اشفاق احمد کو چار سال کی مدت کے لیے کمیٹی کا رکن منتخب کیا گیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکومت پاکستان کی سفارش پر منتخب ہونے والے محمد اشفاق احمد دنیا بھر کے ان 25 نامور ماہرین ٹیکس کے گروپ میں شامل ہیں جو 2021 سے 2025 تک کمیٹی کے اراکین کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گے۔

وہ اس وقت وفاقی ریونیو بورڈ (ایف بی آر) میں بین الاقوامی ٹیکسز کے ڈائریکٹر جنرل ہیں۔

اقوام متحدہ کی ٹیکس کمیٹی ممالک کو مضبوط مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیکس پالیسیوں کے حوالے سے رہنمائی فراہم کرتی ہے، یہ پالیسیاں عالمی تجارت اور سرمایہ کاری سے ہم آہنگ ہو کر، تیزی سے ڈیجیٹلائز ہوتی معیشت اور ابتر ماحولیاتی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مرتب کی جاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر نے ٹریک اور ٹریس سسٹم کے لیے معاہدے پر دستخط کردیے

کمیٹی ممالک کو دوہرے یا متعدد ٹیکسیشن سے بچنے، نان ٹیکسیشن، ٹیکس بیس کو بڑھانے، ٹیکس انتظامات کو بہتر کرنے اور بین الاقوامی ٹیکس چوری کو ختم کرنے میں ان کی کوششوں میں معاونت فراہم کرتی ہے۔

نئی کمیٹی کی ممبرشپ نے ٹیکس پریکٹیشنرز کو اکٹھا کیا ہے جن کا ڈبل ٹیکس معاہدوں، ٹرانسفر پرائسنگ، ٹیکس تنازعات سے بچنے اور انہیں ختم کرنے، ڈیجیٹل معیشت کی ٹیکسیشن، ماحولیاتی ٹیکسیشن اور ویلیو ایڈڈ ٹیکسز جیسے معاملات کا تجربہ ہے۔

اگرچہ کمیٹی اراکین کو ان کے ممالک نے نامزد کیا ہے لیکن وہ ذاتی طور پر فرائض انجام دیں گے۔

نامزدگیوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ کی اقتصادی و معاشرتی کونسل کے صدر اور پاکستان کے مندوب منیر اکرم نے کہا کہ 'مجھے یہ دیکھ کو خوشی ہورہی ہے کہ ماہرین کا متنوع اور قابل گروپ مقرر کیا گیا ہے، جن سے مجھے بہت توقعات ہیں کہ وہ مشکل وقت میں کامیابی سے اپنے فرائض انجام دیں گے'۔

نئے منتخب اراکین میں سے بیشتر کا تعلق ترقی پذیر ممالک سے ہے اور اپنے قیام کے بعد سے یہ پہلا موقع ہے جب کمیٹی میں زیادہ تر خواتین ماہرین شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان بھاری اکثریت سے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا دوبارہ رکن منتخب

کمیٹی کے نئے اراکین کا پہلا اجلاس اکتوبر میں ہوگا جس دوران ماہرین اپنی مدت کے دوران ورک پلان کا تعین کریں گے۔

کمیٹی کے دیگر اراکین کا تعلق بھارت، نائیجیریا، چلی، جنوبی کوریا، ملاوی، گھانا، میکسیکو، زامبیا، جمائیکا، آئرلینڈ، انڈونشیا، میانمار، موریطانیہ، ارجنٹینا، انگولا، نیدرلینڈز، روس، کینیڈا، ناروے، جرمنی، ایکواڈور، اٹلی، سوئیڈن اور چین سے ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں