شہزاد اکبر کی شکایت پر پی ٹی آئی رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان گرفتار

اپ ڈیٹ 27 جولائ 2021
پولیس نے پی ٹی آئی رکن اسمبلی کو عدالت میں پیش کردیا—فائل/فوٹو: نذیر چوہان ٹوئٹر
پولیس نے پی ٹی آئی رکن اسمبلی کو عدالت میں پیش کردیا—فائل/فوٹو: نذیر چوہان ٹوئٹر

حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان کو پولیس نے وزیراعظم کے مشیر احتساب شہزاد اکبر کی شکایت پر لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے دفتر سے گرفتار کرلیا۔

ڈان ڈاٹ کام کو پولیس عہدیداروں نے کہا کہ نذیر چوہان ایل ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل سے ملاقات کے لیے ان کے دفتر میں موجود تھے اور پولیس نے ان کی لوکیشن ٹریس کرنے کے بعد گرفتار کرلیا۔

مزید پڑھیں: شہزاد اکبر نے اپنے خلاف متنازع بیان پر نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ درج کرادیا

پولیس نے نذیر چوہان کو ریس کورس تھانے منتقل کردیا جہاں تفتیش کے لیے شکایت درج کردی گئی، بعد ازاں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی سائبر کرائم ونگ کے سیل میں منتقل کردیا جائے گا۔

علاوہ ازیں نذیر چوہان کو پولیس نے کینٹ کچہری میں پیش کیا جہاں عدالت نے ان کے خلاف درج شکایت کو قابل ضمانت قرار دیا اور کہا کہ ملزم کے خلاف درج دفعات قابل ضمانت ہیں۔

عدالت نے کہا کہ اگر ملزم عدالت کو مطمئن کرنے کے لیے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرائیں تو انہیں رہا کردیا جائے۔

نذیر چوہان اگر ضمانتی مچلکے جمع نہیں کراتے ہیں تو انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا جائے اور ملزم کو جیل سے آئندہ سماعت پر 10 اگست کو سیکشن 173 کے تحت رپورٹ کے ساتھ پیش کیا جائے۔

پولیس نے نذیر چوہان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کی استدعا کی تھی۔

نذیر چوہان کے خلاف درج مقدمہ

وزیراعظم کے مشیر احتساب شہزاد اکبر نے رواں برس مئی کے اواخر میں اپنے خلاف متنازع بیان دینے پر جہانگیر ترین ہم خیال گروپ کے رکن صوبائی اسمبلی نذیر چوہان کے خلاف مقدمہ درج کرادیا تھا۔

ایف آئی آر میں شہزاد اکبر کی جانب سے کہا گیا تھا کہ رکن اسمبلی و پی ٹی آئی رکن نذیر چوہان نے نجی چینل ‘بول’ میں ایک پروگرام کے دوران ان کے عقیدے سے متعلق جھوٹ پر مبنی الزام لگایا۔

یہ بھی پڑھیں: شہزاد اکبر پر الزام: نذیر چوہان کے خلاف مقدمے سے بات بگڑی ہے، جہانگیر ترین

شہزاد اکبر نے نذیر چوہان کے خلاف ریس کورس میں مقدمہ درج کرتے ہوئے درخواست میں کہا تھا کہ ’میں باعمل مسلمان ہوں اور ختم نبوت پر ایمان رکھتا ہوں تاہم نذیر چوہان کا متنازع بیان جھوٹ پر مبنی ہے جس کے باعث ان کی جان کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے‘۔

ایف آئی آر کے مطابق مشیر نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ’نذیر چوہان نے میرے مذہبی عقائد کو نقصان پہنچا کر میرے وقار، ملکیت اور جان کو خطرے میں ڈال دیا ہے‘۔

انہوں نے کہا تھا کہ نذیر چوہان نے مذہبی عقائد کو بنیاد پر بنا کر کرپشن کے خلاف میری گراں قدر خدمات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں