اداکار مصطفیٰ قریشی بھی کورونا وائرس سے متاثر

اپ ڈیٹ 01 اگست 2021
مصطفیٰ قریشی اور ان کی اہلیہ  نے کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا— فائل فوٹو: فیس بک
مصطفیٰ قریشی اور ان کی اہلیہ نے کورونا کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا— فائل فوٹو: فیس بک

پاکستان بھر میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے کی وجہ سے وبا کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اور اب پاکستان کے لیجنڈری اداکار مصطفیٰ قریشی اور ان کی اہلیہ بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں۔

مصطفیٰ قریشی اور ان کی اہلیہ روبینہ قریشی کا کورونا ٹیسٹ گزشتہ روز مثبت آیا جس کے بعد سے دونوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔

اس کے ساتھ ہی مصطفیٰ قریشی نے اپنے مداحوں اور اہل وطن سے دعائے صحت کی درخواست بھی کی ہے۔

مزید پڑھیں: عدنان صدیقی بھی کورونا وائرس سے متاثر

مصطفیٰ قریشی سے ایک روز قبل اداکارہ سنبل اقبال میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

سنبل اقبال نے انسٹاگرام پر پوسٹ میں تمام مداحوں کو اس وبا سے محفوظ رہنے کی ہدایت کی تھی اور ساتھ ہی اپنے لیے دعاؤں کی اپیل بھی کی تھی۔

خیال رہے کہ کورونا کے پھیلاؤ سے لے کر سال 2020 میں اب تک پاکستان میں شوبز سے وابستہ کئی شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئیں، جن میں سے زیادہ تر شخصیات کم از کم 2 ہفتے جبکہ کچھ ڈیڑھ ماہ بعد صحتیاب ہوئیں جبکہ کچھ کا انتقال بھی ہوا۔

کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے دوران معروف اداکار عدنان صدیقی اور اداکارہ زرنش خان میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سمیع خان بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے

ملک میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کا پھیلاؤ بڑھ گیا ہے اور اس حوالے سے نافذ پابندیوں میں بھی سختی کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 10 لاکھ 34 ہزار 8 سو 37 جبکہ اموات کی تعداد 23 ہزار 422 ہوچکی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹے میں ملک بھر میں کورونا وائرس کے 5 ہزار 26 کیسز کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ 62 افراد انتقال کرگئے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں