طالبان نے افغان ریڈیو اسٹیشن منیجر کو قتل، صحافی کو اغوا کرلیا، حکام

اپ ڈیٹ 09 اگست 2021
این اے آئی نے رپورٹ کیا تھا کہ کم از کم 30 صحافی اور میڈیا ورکرز رواں سال افغانستان میں عسکریت پسند گروہوں کے ہاتھوں مارے گئے، زخمی ہوئے یا اغوا کیے گئے ہیں۔ - فائل فوٹو:اے پی
این اے آئی نے رپورٹ کیا تھا کہ کم از کم 30 صحافی اور میڈیا ورکرز رواں سال افغانستان میں عسکریت پسند گروہوں کے ہاتھوں مارے گئے، زخمی ہوئے یا اغوا کیے گئے ہیں۔ - فائل فوٹو:اے پی

مقامی حکومتی عہدیداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ طالبان جنگجوؤں نے کابل میں ایک افغان ریڈیو اسٹیشن کے منیجر کو قتل کر دیا اور جنوبی ہلمند صوبے میں ایک صحافی کو اغوا کر لیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق مسلح افراد نے افغان دارالحکومت میں 'پکتیا گھاگ' کے نام سے ریڈیو اسٹیشن کے منیجر اور افغانستان میں آزاد میڈیا کی حمایت کرنے والے ایک حقوق گروپ این اے آئی کے افسر طوفان عمر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

این اے آئی کے سربراہ مجیب خلوتگر نے کہا کہ 'طوفان عمر کو نامعلوم مسلح افراد نے قتل کیا، وہ آزاد خیال شخص تھا، ہمیں آزادانہ طور پر کام کرنے کی وجہ سے نشانہ بنایا جا رہا ہے'۔

مزید پڑھیں: افغانستان: طالبان نے مزید دو صوبائی دارالحکومتوں کا کنٹرول حاصل کرلیا

کابل میں موجود افغان حکام نے طالبان جنگجوؤں پر حملے کی ذمہ داری عائد کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ این اے آئی نے رپورٹ کیا تھا کہ کم از کم 30 صحافی اور میڈیا ورکرز رواں سال افغانستان میں عسکریت پسند گروہوں کے ہاتھوں مارے گئے، زخمی ہوئے یا اغوا کیے گئے ہیں۔

جنوبی صوبہ ہلمند میں حکام نے بتایا تھا کہ طالبان جنگجوؤں نے اتوار کے روز ایک مقامی صحافی نعمت اللہ کو صوبائی دارالحکومت لشکر گاہ میں اس کے گھر سے اغوا کیا۔

ایک نجی ٹی وی چینل گھرگشت ٹی وی کے سربراہ رضوان میاخیل نے کہا کہ 'نعمت اللہ کو کہاں لے جایا گیا ہے اس کا کچھ پتا نہیں ہے، ہم واقعی گھبرائے ہوئے ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان: طالبان کا نمروز میں پہلے صوبائی دارالحکومت پر قبضہ

طالبان کے ایک ترجمان نے رائٹرز کو بتایا کہ انہیں کابل میں قتل یا ہلمند میں مغوی صحافی کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں۔

افغان نیوز تنظیموں کے ایک اتحاد نے امریکی صدر جو بائیڈن اور ایوان نمائندگان کے رہنماؤں کو خط لکھ کر ان پر زور دیا کہ وہ افغان صحافیوں اور معاون عملے کو خصوصی امیگریشن ویزا دیں۔

خیال رہے کہ طالبان نے گزشتہ ہفتے کے آخر میں تین شمالی شہروں پر قبضہ کر لیا تھا اور واشنگٹن کے رواں ماہ کے آخر تک اپنا فوجی مشن ختم کرنے کے اعلان کے بعد افغان حکومتی افواج کے خلاف کارروائی کو تیز کرتے ہوئے مزید قبضے کے لیے پیش رفت کر رہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں