گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کی رجسٹریشن کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 31 اگست 2021
آئی جی گلگت-بلتستان نے خطے میں رات کے وقت چینی باشندوں کی نقل و حمل روکنے کے احکامات بھی جاری کیے، رپورٹ - فوٹو:عمر باچہ
آئی جی گلگت-بلتستان نے خطے میں رات کے وقت چینی باشندوں کی نقل و حمل روکنے کے احکامات بھی جاری کیے، رپورٹ - فوٹو:عمر باچہ

داسو ہائیڈرو پاور منصوبے پر تعمیراتی ٹیم کو لے جانے والی ایک کوچ پر حملے کے بعد سیکیورٹی انتظامات کے تحت گلگت بلتستان کی پولیس نے خطے کے مختلف اضلاع میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کی رجسٹریشن کا فیصلہ کرلیا۔

انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) گلگت-بلتستان محمد سعید وزیر کے زیر صدارت اجلاس کے بعد جاری حکم نامے میں چینی باشندوں کی نقل و حمل رات کے اوقات میں بند کر دینے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر پولیس ذرائع نے بتایا کہ 'چینی باشندوں کی حفاظت پر مامور سیکیورٹی اہلکاروں کی جسمانی اور اسلحہ کا جائزہ لے کر رپورٹ کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں'۔

مزید پڑھیں: داسو حملے کی منصوبہ بندی 'این ڈی ایس اور را' نے افغانستان میں کی، وزیر خارجہ

انہوں نے بتایا کہ چینی باشندوں کے رہائشی اور تعمیراتی مقامات پر خفیہ کیمرے نصب کرنے کا بھی حکم جاری کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ خطے میں موجود چینی باشندوں کے محافظوں کے بارے میں چھان بین کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

چینی باشندوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ نقل و حمل سے قبل متعلقہ تھانوں کو آگاہ کریں۔

خیال رہے کہ 14 جولائی کو زیر تعمیر 4 ہزار 300 میگاواٹ کے داسو ہائیڈرو پاور منصوبے پر تعمیراتی ٹیم کو لے کر جانے والی ایک کوچ بالائی کوہستان میں دھماکے کے بعد دریا میں جاگری تھی جس کے نتیجے میں 9 چینی، 4 مقامی افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: داسو منصوبے پر کام کی بحالی کیلئے واپڈا کا چینی سفیر سے رابطہ

عہدیداروں کی ابتدائی اطلاعات میں تضاد نظر آیا تاہم وزیر اعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اسے ایک 'بزدلانہ حملہ' قرار دیا اور کہا تھا کہ اس سے ’پاکستان اور اس کے ہمسایہ ممالک کے درمیان خصوصی اقدامات سے توجہ نہیں ہٹ سکتی ہے‘۔

کئی گھنٹوں بعد دفتر خارجہ نے حملے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ بس 'تکنیکی خرابیوں‘ کے باعث کھائی میں گر گئی، جس کے نتیجے میں گیس کا اخراج ہوا جس سے دھماکا ہوا‘۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں