پاؤں کے انگوٹھے کے جوڑ کی ہڈی باہر کی جانب نکلنا ایک تکلیف دہ عارضے بانین (bunion) بہت عام ہوتا ہے۔

یہ مسئلہ وقت کے ساتھ بتدریج بڑھتا ہے اور اس کے نتیجے میں پاؤں کے انگوٹھے کا جوڑ بدنما ہوکر باہر کی جانب نکل جاتا ہے۔

اس کی متعدد وجوہات ہوسکتی ہیں جیسے تنگ جوتے پہننا اس کا باعث بن سکتا ہے یا مسئلے کو بدتر بناسکتا ہے، یہ جوڑوں کے امراض کا باعث بھی ہوسکتا ہے جبکہ موروثی بھی۔

اس کی علامات میں جوڑ پر ہڈی کا ابھار بننا، سوجن، جوڑ کے ارگرد سرخی، جلد سخت ہوجانا، تکلیف کا ہونا اور انگوٹھے کی حرکت محدود ہوجانا قابل ذکر ہیں۔

مگر اچھی بات یہ ہے کہ اس مسئلے کی شدت میں کمی لانے یا اس سے بچاؤ کے لیے چند ٹوٹکے مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

ٹینس بال کا استعمال

ایک بہت سادہ ورزش یعنی ٹینس بال کو فرش پر رکھ کر پیر کے ذریعے آگے پیچھے حرکت دینا اس حوالے سے مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

یہ عمل 3 یا 5 منٹ تک دونوں پیروں سے دہرائیں، چاہے دوسرا پیر ٹھیک ہو۔ یہ پیر کو بہت سکون پہنچانے والی ورزش ہے جس سے اضافی اکڑن بھی کم ہوتی ہے۔

تولیے کو صرف اپنے پیروں کے انگوٹھے سے اٹھانے کی کوشش کریں

ایک اور آسان ورزش بھی اس حوالے سے مددگار ثابت ہوسکتی ہے، فرش پر ایک تولیے کو رکھیں اور اپنے انگوٹھے سے گرفت بناکر اوپر کی جانب اٹھائیں۔

اس ورزش کو 5 بار دہرائیں جو کھڑے ہوکر یا بیٹھ کر بھی کی جاسکتی ہے، اس ورزش سے پیر مضبوط بنانے کے ساتھ انگوٹھے کی لچک برقرار رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

انگوٹھے کو پھیلائیں

کرسی پر بیٹھ کر پیر کو فرش پر رکھیں اور ایڑی کو سطح پر فکس کرکے اپنے انگوٹھے کو اٹھا کر پھیلانے کی کوشش کریں۔ ہر پیر کے ساتھ یہ ورزش 10 سے 20 بار کریں۔

انگوٹھے کو گھمائیں

یہ ورزش انگوٹھے کے جوڑوں کو متحرک کرنے کے ساتھ اکڑن کو کم کرتی ہے۔

اس کے لیے کسی پر بیٹھ کر پیر اوپر رکھ کر انگوٹھے کو ہاتھ میں پکڑ کر کلاک وائز 20 بار گھمائیں، پھر 20 بار دوسری سمت میں گھمائیں، دونوں پیروں میں یہ ورزش 2 سے 3 بار کریں۔

ایڑی اوپر اٹھائیں

کرسی پر بیٹھ کر پیر فرش پر رکھیں اور پھر ایڑی کو اوپر اٹھا اپا زیادہ دباؤ باقی حصے پر ڈالیں۔ 5 سیکنڈ تک رکیں اور پھر پیر کو فرش پر رکھ دیں۔ ہر پیر کے ساتھ یہ ورزش 10 بار کریں۔

ماربل اٹھائیں

اس کے لیے آپ کو ایک ڈونگے اور 10 سے 20 ماربلز کی ضرورت ہوگی۔ ماربلز کو فرش پر پھیلائیں اور ڈونگے کو ان کے قریب رکھ دیں۔

فرش پر بیٹھ کر اپن انگوٹھے سے ہر ماربل کو اٹھائیں اور ڈونگے میں ڈال دیں، کوشش کریں کہ اس دوران ماربل کے ارگرد انگوٹھے کی گرفت مضبوط ہو۔

درست جوتوں کا انتخاب

مناسب فٹنگ والے جوتوں کو پہننا بھی اس مسئلے سے بچنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، یعنی جوتے انگوٹھے کے حصے میں زیادہ کشادہ ہوں اور ان کی ہیل زیادہ بڑی نہ ہو۔

کولڈ تھراپی

اگر پیروں میں اکثر ورم اور انگوٹھے کے جوڑوں میں تکلیف ہو تو متاثرہ حصے پر برف سے ٹکور کرنے پر درد میں کمی لائی جاسکتی ہے۔

پانی میں ڈبوئیں

دن کے اختتام پر پیروں کو اپسم سالٹ یا نمک ملے نیم گرم پانی میں ڈبو دیں، جس سے ورم اور تکلیف میں کمی لانے میں مدد مل سکتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں