تکذیبِ نکاح کیس: اداکارہ میرا اپنی صفائی پیش کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں

اپ ڈیٹ 29 ستمبر 2021
میرا نے جولائی 2009 میں تکذیب نکاح کا کیس فیملی عدالت میں چیلنج کیا تھا— فائل فوٹو: انسٹاگرام
میرا نے جولائی 2009 میں تکذیب نکاح کا کیس فیملی عدالت میں چیلنج کیا تھا— فائل فوٹو: انسٹاگرام

لاہور کی سیشن عدالت میں اداکارہ میرا تکذیبِ نکاح کیس میں اپیل پر سماعت کے دوران اپنی صفائی پیش کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔

سیشن کورٹ میں اداکارہ میرا کی تکذیب نکاح اپیل پر سماعت ہوئی مگر سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں میرا انصاف کے لیے آبدیدہ ہوگئیں۔

اداکارہ میرا نے کمرہ عدالت میں رو رو کر اپنی صفائیاں پیش کیں اور کہا کہ جج صاحب میں 10 سال سے انصاف کے لیے در بدر پھر رہی ہوں۔

مزید پڑھیں: تکذیبِ نکاح کیس: میرا نے ثبوت عدالت میں پیش کردیے

اداکارہ نے کہا کہ جج صاحب میں امریکا کی عدالت میں پیش ہوئی تو وہاں میری بات کو مکمل سنا گیا۔

جس پر عدالت نے اداکارہ میرا کو چیخ چیخ کر بولنے سے منع کیا اور ترمیمی شواہد پر وکلا کو بحث کے لیے طلب کر لیا۔

بعدازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلا کو بحث کے لیے طلب کرتے ہوئے سماعت 5 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

میں نے کوئی نکاح نہیں کیا، میرا

سماعت کے بعد اداکارہ میرا نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'میں نے کوئی نکاح نہیں کیا، عدالت میں جھوٹا نکاح نامہ پیش کیا گیا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ '10 سال سے عدالت میں جھوٹا نکاح نامہ پیش کیا جارہا ہے'۔

اداکارہ میرا نے کہا کہ میرے جھوٹے نکاح کے کیس کی وجہ سے فلم انڈسٹری کو اربوں کا نقصان ہوا۔

میرا نے اداکاری کرنے کو جھوٹ بولنا قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ میں اداکاری کرتی ہوں تو اداکاری کا مطلب میں جھوٹ بولتی ہوں؟

یہ بھی پڑھیں: 9 سال بعد فیصلہ،اداکارہ میرا عتیق الرحمٰن کی بیوی قرار

انہوں نے کہا کہ شوٹنگ میں پیار، محبت، لو اسٹوری حقیقت میں نہیں ہوتی، شوٹنگ میں جو کچھ ہوتا ہے وہ جھوٹ ہوتا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ جب ہم شوٹ کرتے ہیں تو ہم جھوٹ بول رہے ہوتے ہیں، شوٹنگ کو حقیقت سے نہیں جوڑا جا سکتا، ہم شوٹنگ پر جھوٹ بولتے ہیں، ہم جھوٹ کا کام کرتے ہیں۔

اداکارہ میرا نے کہا کہ مجھ پر یہ کیس نہ ہوتے تو میں بہت ساری فلموں کے سیٹ پر ہوتیں اور انڈسٹری بند نہ ہوتی، اس کیس کی وجہ سے پاکستان آنے والی فنڈنگ اور سرمایہ کار پیچھے ہٹ گئے۔

خیال رہے کہ رواں برس فروری میں ہونے والی سماعت میں اداکارہ میرا نے ثبوتوں سے متعلق یو ایس بی بھی عدالت میں پیش کی تھی اور عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ 'عتیق الرحمٰن میرا شوہر نہیں ہے'۔

یاد رہے کہ عتیق الرحمٰن نے کئی سال قبل میرا کا شوہر ہونے کا دعویٰ کیا تھا، جس پر گزشتہ کئی سال سے دونوں کے درمیان مختلف عدالتوں میں مقدمات بھی زیر سماعت رہے۔

مزید پڑھیں: عدالت نے میرا کے تکذیب نکاح کیس کی اپیل مسترد کردی

اس ہی حوالے سے اداکارہ میرا نے جولائی 2009 میں تکذیب نکاح کا کیس فیملی عدالت میں چیلنج کیا تھا۔

تاہم فیملی کورٹ نے اس کیس کا فیصلہ 9 سال بعد سناتے ہوئے میرا کو عتیق الرحمٰن کی بیوی قرار دیا تھا۔

خیال رہے کہ عتیق الرحمٰن نے اداکارہ کے خلاف نکاح پر نکاح کرنے کا مقدمہ دائر کیا تھا، ان کا موقف تھا کہ میرا نے ان کے نکاح میں ہونے کے باوجود کپتان نوید کے ساتھ شادی کی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں