افغان خاتون ڈاکٹر نے 'نانسن رفیوجی ایوارڈ' جیت لیا

اپ ڈیٹ 30 ستمبر 2021
ڈاکٹر سلیمہ رحمٰن کو نانسن رفیوجی ایوارڈ پاکستانیوں اور پناہ گزینوں کے لیے ان کی شاندار خدمات و عزم کے اعتراف میں دیا گیا — فوٹو: ڈان
ڈاکٹر سلیمہ رحمٰن کو نانسن رفیوجی ایوارڈ پاکستانیوں اور پناہ گزینوں کے لیے ان کی شاندار خدمات و عزم کے اعتراف میں دیا گیا — فوٹو: ڈان

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) نے اعلان کیا ہے پاکستان میں مقامی برادریوں اور پناہ گزینوں کے لیے خدمات انجام دینے والی 29 سالہ افغان مہاجر ڈاکٹر نے رواں سال ایشیائی خطے میں علاقائی نانسن رفیوجی ایوارڈ جیتا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یو این ایچ سی آر کی جانب سے ڈاکٹر سلیمہ رحمٰن کو نانسن رفیوجی ایوارڈ پاکستانیوں اور پناہ گزینوں کے لیے ان کی شاندار خدمات و عزم کے اعتراف میں دیا گیا۔

پاکستان کی پناہ گزین کے طور ان کے تعاون اور خاص طور پر عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران مریضوں کے لیے ان کی مسلسل لگن کو تسلیم کرتے ہوئے یو این ایچ آر نے کہا کہ یہ ایوارڈ ایک طاقتور مثال کی مانند ہے جو ڈاکٹر سلیمہ رحمٰن نے افغان مہاجرین خواتین و لڑکیوں کے لیے قائم کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں خدمات دینے پر افغان خاتون ڈاکٹر کے چرچے

اسلام آباد میں واقع سوئس سفارتخانے میں ڈاکٹر سلیمہ رحمٰن کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی جس میں انہوں نے کہا کہ 'ہماری زندگیوں میں تعلیم تک رسائی بہت اہم ہے، خواتین کی تعلیم میں سرمایہ کاری تمام نسل کے لیے سرمایہ کاری کے مترادف ہے'۔

سوئٹزرلینڈ کے سفیر بینڈک ڈی سرجا اور ناورے کے ناظم الامور ایلین کیلواگ نے ڈاکٹر سلیمہ رحمٰن کو ایوارڈ پیش کیا۔

سوئس سفیر نے انہیں متاثر کن جواں سالہ افغان خاتون قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'ڈاکٹر سلیمہ رحمٰن ایک روشن مثال ہیں جو بتاتی ہے کہ پاکستان جیسے جامع پالیسیاں رکھنے والے ممالک کے لیے مہاجرین کی میزبانی میں عالمی برادری کی حمایت کتنی اہمیت کی حامل ہے'۔

مزید پڑھیں: افغان عوام کی مدد کیلئے زندگی وقف کرنے والے جاپانی ڈاکٹر حملے میں ہلاک

چیف کمشنر برائے افغان مہاجرین سلیم خان نے ڈاکٹر سلیمہ رحمٰن کے لیے ایوارڈ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'ہمیں ڈاکٹر سلیمہ پر فخر ہے، وہ اپنی برادری کے لیے بہترین مثال ہیں، پاکستان ایسے اچھے ڈاکٹر بنانے پر فخر کرتا ہے، جبکہ لاتعداد افغان نوجوان پاکستان کی ترقی پسند پالیسیوں سے فوائد حاصل کر رہے ہیں'۔

پاکستان میں مقیم یو این ایچ سی آر کے نمائندہ اور دیگر ممالک اور اداروں کے نمائندگان اور معززین نے تقریب میں شرکت کی۔

تبصرے (0) بند ہیں