خیرپور: بچی کے ریپ، قتل کے مجرم کو 3 مرتبہ عمر قید کی سزا

اپ ڈیٹ 14 اکتوبر 2021
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج انعام علی نے جرم ثابت ہونے پر مجرم کو سزا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج انعام علی نے جرم ثابت ہونے پر مجرم کو سزا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

صوبہ سندھ کے شہر خیرپور میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 7 سالہ بچی کے ریپ اور قتل کے جرم میں دلبر چانڈیو کو 3 مرتبہ عمر قید کی سزا سنادی۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج انعام علی نے جرم ثابت ہونے پر مجرم کو سزا سناتے ہوئے تمام ملکیت ضبط کرنے اور ساڑھے 4 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی۔

مزید پڑھیں: خیرپور: 7 سالہ بچی کے ریپ اور قتل کے مقدمے میں 9 مشتبہ افراد گرفتار

یاد رہے کہ ملزم دلبر چانڈیو نے 15 ماہ قبل وڈاماچھیوں تھانے کی حدود کوٹ پل پر 7 سالہ بچی کو اغوا کرنے کے بعد اس کا ریپ کے بعد قتل کردیا تھا۔

واضح رہے کہ ریپ اور قتل کا مقدمہ عدالت میں 15 ماہ تک چلتا رہا۔

عدالت کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے کے بعد پولیس نے مجرم دلبر چانڈیو کو سخت پہرے میں عدالت سے سینٹرل جیل خیرپور منتقل کیا۔

خیال رہے کہ حالیہ کچھ سالوں میں ملک میں کم عمر بچوں اور بچیوں کے ساتھ ریپ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے جبکہ اس سلسلے کو روکنے کے لیے حکومت نے حال ہی میں ایک آرڈیننس بھی جاری کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ: 10 سالہ طالبہ کا ’ریپ‘، ملزم کے خلاف مقدمہ درج

اندرون سندھ میں اس طرح کا ایک واقعہ گزشتہ سال نومبر میں بھی پیش آیا تھا جس پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا گیا تھا۔

سندھ کے ضلع کشمور میں ملزم رفیق ملک نے نوکری کا جھانسہ دے کر کراچی سے تعلق رکھنے والی خاتون اور ان کی کمسن بیٹی کو کشمور بلانے کے بعد گینگ ریپ کا نشانہ بنایا تھا۔

ملزمان نے خاتون کی 5 سالہ بیٹی کو یرغمال بنا لیا تھا اور اسے چھوڑنے کے لیے دوسری خاتون کا بندوبست کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

چنانچہ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے اے ایس آئی کی بیٹی کے ذریعے جال بچھایا اور اسے گرفتار کرلیا تھا، جو بعد ازاں دوسرے ملزم کی گرفتاری کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں