پاپوا نیو گنی کو شکست، اسکاٹ لینڈ کی ٹی20 ورلڈ کپ میں لگاتار دوسری فتح

19 اکتوبر 2021
اسکاٹ لینڈ نے پاپوا نیوگنی کو عالمی کپ کے پہلے مرحلے کے میچ میں 17 رنز سے شکست دے دی— فوٹو بشکریہ اسکاٹ لینڈ کرکٹ
اسکاٹ لینڈ نے پاپوا نیوگنی کو عالمی کپ کے پہلے مرحلے کے میچ میں 17 رنز سے شکست دے دی— فوٹو بشکریہ اسکاٹ لینڈ کرکٹ

ٹی20 ورلڈ کپ 2021 کے پہلے راؤنڈ کے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے پاپوا نیو گنی کو 17 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں لگاتار دوسری کامیابی حاصل کر لی۔

عمان کے الامارات کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 26 رنز پر دونوں اوپنرز پویلین لوٹ چکے تھے۔

اس مرحلے پر میتھیو کراس کا ساتھ دینے رچی بیرنگٹن آئے اور دونوں نے اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالتے ہوئے 92 رنز کی شراکت قائم کی، میتھیو کراس 45 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

دوسرے اینڈ سے بیرنگٹن نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 3 چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 70 رنز کی اننگز کھیلی۔

اسکاٹ لینڈ کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے، پاپوا نیوگنی کے کابوا موریا نے چار اور چیڈ سوپر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

پاپوا نیو گنی نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اننگز کی ابتدا میں ہی انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور 35 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

اس مرحلے پر سیسے بووا کا ساتھ دینے نورمن ونوا آئے اور دونوں نے 32 رنز کی شراکت قائم کی، سیسے باؤ 24 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

ونوا کا ساتھ نبھانے کپلن ڈوریگا آئے اور دونوں نے 53 رنز کی ساجھے داری قائم کی، نورمن نے 47 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ڈوریگا نے 18 رنز بنائے۔

پاپوا نیو گنی کی پوری ٹیم اننگز کے آخری اوور میں 148 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

اسکاٹ لینڈ کی جانب سے جوش ڈیوی نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

میچ میں فتح کے ساتھ ہی اسکاٹ لینڈ نے لگاتار دوسرے میچ میں کامیابی حاصل کر کے اگلے راؤنڈ تک رسائی کی امیدیں روشن کر لی ہیں۔

رچی بیرنگٹن کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں