فریڈا پنٹو کی شادی اور حمل کی تصدیق

اپ ڈیٹ 21 اکتوبر 2021
اداکارہ نے فوٹوگرافر دوست سے شادی کا اعتراف کیا—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ نے فوٹوگرافر دوست سے شادی کا اعتراف کیا—فوٹو: انسٹاگرام

’آسکر‘ ایوارڈ یافتہ فلم ’سلم ڈاگ ملینیئر’ سے کیریئر کا آغاز کرنے والی بھارتی نژاد ہولی وڈ اداکارہ فریڈا پنٹو نے حاملہ ہونے کے بعد اپنی خفیہ شادی کا اعتراف کر لیا۔

فریڈا پنٹو نے نومبر 2018 میں جلد شادی کا عندیہ دیا تھا لیکن 2019 کے اختتام پر انہوں نے شادی کے بجائے منگنی کی تھی۔

حال ہی میں وہ ’دی کیلی کلارکسن شو‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے نہ صرف اپنی شادی کا اعتراف کیا بلکہ اپنے ہاں بچے کی متوقع پیدائش کی بھی تصدیق کی۔

اداکارہ نے پروگرام میں بتایا کہ انہوں نے دیرینہ بوائے فرینڈ فوٹوگرافر کوری تران سے 2019 میں منگنی کی تھی اور ان کا شاندار طریقے سے شادی کرنے کا ارادہ بھی تھا۔

فریڈا پنٹو کے مطابق تاہم 2020 میں آنے والی کورونا کی وبا نے ان کی خواہشات پر پانی پھیر دیا اور وہ خواہشات کے مطابق شادی کے بندھن میں نہ بندھ سکیں۔

میزبان نے ان سے پوچھا کہ اب ان کا کب شادی کرنے کا ارادہ ہے؟ جس پر فریڈا پنٹو نے سادگی سے جواب دیا کہ وہ پہلے ہی شادی کر چکے۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے کورونا لاک ڈاؤن کے دوران نیویارک میں نہ صرف ایک ساتھ وقت گزارا بلکہ انہوں نے شادی بھی کرلی اور اب وہ حاملہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فریڈا پنٹو نے بھی شادی کا عندیہ دے دیا

انہوں نے اپنے ’بے بی بمپ‘ کی نشاندہی کی اور اعتراف کیا کہ انہوں نے سال 2020 میں سادگی سے خفیہ طور پر شادی کی تھی اور اب ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

کوری تران سے قبل فریڈا پنٹو کے تعلقات 'سلم ڈاگ ملینیئر' میں ساتھ کام کرنے والے اداکار دیو پٹل سے تھے، جن کے ساتھ وہ 6 سال تک تعلقات میں رہیں اور دونوں میں 2016 میں علیحدگی ہوگئی۔

دیو پٹیل سے قبل انہوں نے روہان انتاؤ سے منگنی بھی کی تھی لیکن انہوں نے 2009 میں فلم ’سلم ڈاگ ملینیئر’ کی کامیابی کے بعد خود کو اپنے رشتے سے آزاد کرلیا۔

فریڈا پنٹو، بھارت میں مسیحی خاندان میں پیدا ہوئیں، انہوں نے ابتدائی تعلیم ممبئی سے ہی حاصل کی، جس کے بعد وہ کم عمری میں ہی امریکا منتقل ہوگئی تھیں۔

انہوں نے 2008 سے ’سلم ڈاگ ملینیئر’ سے کیریئر کا آغاز کیا، اب تک وہ متعدد امریکی و برطانوی سمیت بھارتی فلموں میں کام کر چکی ہیں۔

فریڈا پنٹو وہ واحد بھارتی اداکارہ ہیں جو تواتر کے ساتھ ہولی وڈ فلموں اور موسیقی کے منصوبوں میں کام کرتی آ رہی ہیں۔

ماضی میں اداکارہ کے اداکار دیو پٹیل سے تعلقات تھے—فائل فوٹو: ہیلو میگزین
ماضی میں اداکارہ کے اداکار دیو پٹیل سے تعلقات تھے—فائل فوٹو: ہیلو میگزین

تبصرے (0) بند ہیں