وقار ذکا کا شاہ رخ خان کو پاکستان منتقل ہونے کا مشورہ

23 اکتوبر 2021
وقار ذکا کی ٹوئٹ پر لوگوں نے کمنٹس کیے کہ شاہ رخ کو پاکستان میں کام ہی نہیں ملے گا—فائل فوٹو: فیس بک
وقار ذکا کی ٹوئٹ پر لوگوں نے کمنٹس کیے کہ شاہ رخ کو پاکستان میں کام ہی نہیں ملے گا—فائل فوٹو: فیس بک

ریئلٹی شوز کی میزبانی سے شہرت حاصل کرنے والے ٹی وی و سوشل میڈیا اسٹار وقار ذکا نے بولی وڈ اداکار شاہ رخ خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بھارت چھوڑ کر پاکستان منتقل ہوجائیں۔

وقار ذکا نے 22 اکتوبر کو اپنی مختصر ٹوئٹ میں شاہ رخ خان کو مینشن کرتے ہوئے انہیں ’سر‘ بھی لکھا۔

وقار ذکا نے شاہ رخ خان کو مشورہ دیا کہ وہ بھارت چھوڑکر اہل خانہ کے ہمراہ پاکستان آجائیں۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان منشیات استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار

ٹی وی میزبان نے اپنی ٹوئٹ میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی مینشن کیا اور شاہ رخ خان کو یاد دلایا کہ نریندر مودی کی حکومت ان کے خاندان کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے۔

وقار ذکا نے اپنی ٹوئٹ میں شاہ رخ خان کے خاندان کے ساتھ نریندر مودی حکومت کی ناانصافی کی وضاحت نہیں کی، تاہم انہوں نے ایک ایسے وقت میں ٹوئٹ کی ہے جب کہ بولی وڈ اداکار کے بیٹے 23 سالہ آریان خان منشیات استعمال کرنے اور رکھنے کے الزام میں تقریبا ایک ماہ سے گرفتار ہیں۔

شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان تین اکتوبر سے جیل میں ہیں، انہیں انسداد منشیات فورس (نارکوٹکس فورس) نے منشیات استعمال کرنے کے الزام میں دیگر 8 ساتھیوں کے ہمراہ گرفتار کیا تھا۔

آریان خان کی گرفتاری اور عدالت میں چلنے والی کارروائیوں کی وجہ سے ان کا کیس بھارت کا انتہائی ہائی پروفائل کیس بن چکا ہے اور مذکورہ معاملے پر سیاست دان بھی کود پڑے ہیں۔

کئی لوگ مسلمان اداکار کے بیٹے کی گرفتاری اور ان کے خلاف عدالتی کارروائیوں کو مسلمانوں کے خلاف کارروائیاں قرار دے رہے ہیں جب کہ بعض لوگ مذکورہ معاملے کو نارکوٹکس فورس کی پھرتیاں کہ رہے ہیں۔

وقار ذکا کی جانب سے شاہ رخ خان کو بھارت چھوڑ کر پاکستان منتقل ہونے کے مشورے پر کئی لوگوں نے کمنٹس کیے اور جہاں کچھ افراد نے ان کی رائے سے اتفاق کیا، وہیں بعض نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ دوسروں کے معاملے میں ٹانگ اڑانے سے بعض رہیں۔

بعض افراد نے کمنٹس کیے کہ شاہ رخ خان پاکستان آکر کیا کریں گے؟ یہاں کی فلم انڈسٹری کے اتنے اچھے حالات نہیں کہ انہیں فلموں میں کام ملے۔

بعض نے تو کہا کہ اگر وہ پاکستان آئے تو انہیں فلمیں ملنا تو دور کی بات، انہیں پورے پروڈیوسرز مل کر بھی خرید نہیں سکتے، بعض نے کہا کہ شاہ رخ خان پاکستان نہیں آئے گا بلکہ کسی ترقی یافتہ ملک جائے گا۔

بعض افراد نے انہیں یاد دلایا کہ ان سے قبل سابق وزیر داخلہ رحمٰن ملک بھی ماضی میں شاہ رخ خان کو پاکستان آنے کا مشورہ دے چکے ہیں، جس پر بولی وڈ اداکار معذرت کرکے اپنے ملک بھارت میں رہنے کی بات کر چکے ہیں۔

رحمٰن ملک نے 2013 میں شاہ رخ خان کو اس وقت پاکستان آنے کا مشورہ دیا تھا جب کہ بولی وڈ اداکار نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ بطور مسلمان وہ کبھی کبھار خود کو غیر محفوظ تصور کرتے ہیں۔

اسی طرح سماجی رہنما جلیلہ حیدر نے بھی وقار ذکا کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا تو کیا پاکستان میں سرمایہ داروں اور سیلبریٹز کے بچوں کو کوکین رکھنے کی اجازت ہے؟

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں