دھرنے کے پیش نظر پاکستان ریلوے کا صرف فیملی کو ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ

25 اکتوبر 2021
چیرمین ریلوے نے لاہو، راولپنڈی اور پشاور ڈویژن کو نوٹی فکیشن جاری کردیا—فائل فوٹو
چیرمین ریلوے نے لاہو، راولپنڈی اور پشاور ڈویژن کو نوٹی فکیشن جاری کردیا—فائل فوٹو

لاہور: پاکستان ریلویز نے لاہور اور اسلام آباد میں مختلف سیاسی و مذہبی تنظیموں کے دھرنے کے شرکا کو روکنے کے لیے صرف فیملیز کو ٹکٹس جاری کرنے کی ہدایت دے دی۔

ریلوے کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق کسی بھی فردِ واحد کو سفر کا ٹکٹ جاری نہیں ہوسکے گا۔

مزید پڑھیں: ریلوے نے حادثات کی روک تھام کیلئے لاہور ڈویژن کے 924 مقامات پر باڑ لگادی

چیئرمین ریلوے حبیب الرحمٰن گیلانی نے لاہور، راولپنڈی اور پشاور ڈویژن کے تینوں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

چیئرمین نے نوٹی فکیشن میں واضح ہدایت کی کہ راولپنڈی سیکشن پر سفر کسی بھی ٹرین یا کلاس میں فردِ واحد کو ٹکٹ جاری نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ’موجودہ حالات‘ کے پیش نظر صرف فیملی کو ہی سفری ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس حوالے سے ریلوے کے شعبہ آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی گئی کہ سسٹم میں ای ٹکٹ صرف فیملیز کو ہی جاری ہوگا۔

مزید پڑھیں: ٹی ایل پی کالعدم تنظیم ہے لیکن میری خواہش ہے یہ معاملہ بھی مکمل طورپر ختم ہوجائے، شیخ رشید

خیال رہے کہ کالعدم تنظیم تحریک لیبک پاکستان (ٹی ایل پی) نے فرانسیسی سفارتکار کو بے دخل کرنے سے متعلق 6 ماہ قبل ہونے والے معاہدے میں کوئی پیش رفت نہ ہونے اور تنظیم کے سربراہ سعد رضوی کی رہائی کے لیے اسلام آباد میں لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا۔

حکومت کی جانب سے باقاعدہ مذاکراتی ٹیم کے اعلان سے قبل تک کئی شہروں میں ٹی ایل پی اور پولیس کے مابین جھڑپیں ہوئیں جس میں پولیس اہلکاروں سمیت ٹی ایل پی کے کارکن بھی جاں بحق جبکہ سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔

اس معاملے کی تازہ پیش رفت یہ ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ٹی ایل پی کے وفد کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کو بہت مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ حتمی مذاکرات تک تنظیم نے لانگ مارچ ملتوی کردی ہے لیکن ان کے کارکن تاحال تحصیل مرید کے میں موجود ہیں۔

مزید پڑھیں: ملک اس وقت داخلی اور خارجی سنگین خطرات سے دوچار ہے، پی ڈی ایم

انہوں نے کہا تھا کہ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات متوقع ہے اور وفاقی کابینہ میں فرانسیسی سفیر کی بے دخلی سے متعلق معاملہ زیر بحث آئے گا۔

دوسری جانب حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) بھی متحرک ہے اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے 20 اکتوبر سے ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا تھا۔

پی ڈی ایم نے پیٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خورو نوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف راولپنڈی سے اپنے 15 روزہ ملک گیر احتجاج کا آغاز کیا تھا، پہلے مرحلے میں پی ڈی ایم ملک کے بڑے شہروں میں احتجاج کرے گی اور اس کے بعد عوامی جلسوں یا لانگ مارچ کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں