حریم شاہ کو ہائی پروفائل شخصیات اور مقامات تک کون رسائی دلواتا ہے؟

اپ ڈیٹ 26 نومبر 2021
سیاستدان سب سے زیادہ دل پھینک ہیں، ٹک ٹاک اسٹار—اسکرین شاٹ
سیاستدان سب سے زیادہ دل پھینک ہیں، ٹک ٹاک اسٹار—اسکرین شاٹ

ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ایسے راز ہیں جو کسی اور کے پاس نہیں جب کہ جو وہ کرنا چاہتی ہیں، اب تک انہوں نے وہ کام نہیں کیا۔

’ٹو بی آنیسٹ‘ میں بات کرتےہوئے حریم شاہ نے سیاستدانوں کو آڑے ہاتھوں بھی لیا اور کہا کہ تقریباً تمام سیاستدان ’دل پھینک‘ ہیں، اور انہیں اپنی عزت اور ذمہ داریوں کا احساس تک نہیں ہوتا۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے خود کو ’بہادر‘ لڑکی قرار دیا اور کہا کہ وہ کسی سے نہیں ڈرتیں اور نہ ہی کوئی ان پر حکم چلا سکتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے انکشاف کیا کہ آج تک انہیں کسی مرد نے کوئی دھمکی نہیں دی، تاہم انہیں ان کی ایک دوست نے دھمکی دی تھی، جس پر انہوں نے مقدمہ کر رکھا ہے اور وہ ان کا ایسا حشر کریں گی کہ پوری زندگی یاد رکھیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: حریم کے نئی ویڈیوز میں سیاستدانوں پر الزامات

حریم شاہ کے مطابق انہیں دھمکیوں سے ڈر نہیں لگتا، اگر انہیں کوئی کچھ کہے گا تو وہ ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گی۔

ٹک ٹاک اسٹار نے بتایا کہ انہوں نے زمانہ طالب علمی میں ہاسٹل میں رہائش کے دوران سہیلی کی فرمائش پر پہلی بار ٹک ٹاک پر ویڈیو بنائی تھی اور انہیں اندازہ ہی نہیں تھا کہ وہ اتنی مشہور ہو جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ ٹک ٹاک پر وائرل ہونے کے بعد سب سے پہلے انہیں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی کی ایک کمپنی نے کام دیا اور ان کی پہلی کمائی 6 لاکھ روپے تھی۔

انہوں نے واضح کیا کہ ٹک ٹاک بذات خود اسٹارز کو کوئی پیسے نہیں دیتا، البتہ وہاں سے وائرل ہونے کے بعد کئی کمپنیاں اور لوگ اسٹارز کو پروموشنل کام کے بدلے پیسے دیتے ہیں۔

حریم شاہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے متعدد ممالک کا دورہ کیا ہے اور وہ تمام دوروں پر کمپنیوں یا دوسرے افراد کے اخراجات پر گئی ہیں۔

پروگرام کے دوران حریم شاہ نے بتایا کہ اگرچہ انہوں نے بہت کچھ کیا ہے، بہت سارے لوگوں کو سبق سکھایا ہے، تاہم تاحال انہوں نے وہ کام نہیں کیا جو وہ کرنا چاہتی تھیں۔

انہوں نے واضح نہیں کیا کہ وہ کیا کرنا چاہتی تھیں اور کیا کرنے جا رہی ہیں۔

سیاستدانوں پر سخت تنقید

پروگرام میں بات کرتے ہوئے حریم شاہ نے سیاستدانوں کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ ’ٹھرکی‘ سیاستدان ہی ہیں اور اسی وجہ سے ہی وہ اوپر بیٹھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کسی بھی سیاستدان کا نام لینے سے گریز کیا، تاہم کہا کہ سیاستدانوں کو اپنی عزت اور ذمہ داریوں کا احساس تک نہیں ہوتا اور نہ ہی عوام کا خیال ہوتا ہے۔

حریم شاہ نے اداکاروں، ٹی وی اینکرز، صحافیوں اور شوبز شخصیات کو سیاستدانوں سے بہتر اور اپنی عزت کا خیال رکھنے والا قرار دیا۔

انہوں نے مثال دی کہ جماعت اسلامی کے سیاستدان شریف ہیں، جس کی وجہ سے انہیں تاحال اقتدار نہیں ملا۔

پروگرام کے دوران انہوں نے وزیر داخلہ شیخ رشید، فیاض الحسن چوہان اور وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ تصویر کھچوانے کے معاملے پر بھی بات کی۔

شیخ رشید نے خود فون نمبر دیا
ماضی میں حریم شاہ اور شیخ رشید کی تصاویر بھی وائرل ہوئی تھیں—فائل فوٹو: فیس بک
ماضی میں حریم شاہ اور شیخ رشید کی تصاویر بھی وائرل ہوئی تھیں—فائل فوٹو: فیس بک

حریم شاہ نے پروگرام میں بتایا کیا کہ وزیر داخلہ شیخ رشید سے ان کی پہلی ملاقات ایک دوست کی جانب سے دی گئی دعوت میں ہوئی تھی، جہاں ان کے دوست نے انہیں شیخ رشید سے ملوایا تھا۔

ٹک ٹاک اسٹار نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے شیخ رشید کو کہا کہ وہ ان کی فین ہیں، جس پر انہوں نے ان سے پوچھا کہ کیا ان کا فون نمبر ان کے پاس ہے؟ اور پھر خود ہی اپنا نمبر دے کر انہیں ’مس کال‘ دینے کا کہا۔

حریم شاہ نے ماضی میں شیخ رشید کی ویڈیو وائرل کرنے سے متعلق بھی کھل کر بات کی اور بتایا کہ انہوں نے مذاق مذاق میں شرارتاً وزیر داخلہ کی ویڈیو لیک کی تھی۔

مزید پڑھیں: ٹی وی شو کے دوران حریم شاہ کی شیخ رشید کو فون کرنے کی ویڈیو وائرل

ماضی میں ان کی جانب سے لیک کی گئی ویڈیو میں شیخ رشید کو ان کے ساتھ ویڈیو کال پر بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔

حریم شاہ نے بتایا کہ شیخ رشید کی ویڈیو لیک کرنے کے بعد ہی ان کا ٹک ٹاک اکاؤنٹ بند کیا گیا، جس کے بعد انہوں نے دوسرا اکاؤنٹ بنایا اور اسے بھی بند کردیا گیا اور اب انہوں نے تیسری بار اکاؤنٹ کھولا ہے۔

پروگرام کے دوران حریم شاہ نے شیخ رشید کو فون بھی کیا اور انہوں نے ٹک ٹاک اسٹار کی کال اٹھاتے ہوئے انہیں بعد میں بات کرنے کا کہا، جس پر حریم شاہ نے ان سے اصرار کیا کہ وہ ابھی ہی ان سے بات کریں، جس پر وزیر داخلہ نے انہیں جھاڑ پلاتے ہوئے ’بکواس بند کریں‘ کہہ کر فون بند کردیا۔

مبشر لقمان کو ملک ریاض نے جہاز دیا
ماضی میں حریم شاہ اور مبشر لقمان کے درمیان تنازع بھی ہوچکا ہے—فائل فوٹو: فیس بک
ماضی میں حریم شاہ اور مبشر لقمان کے درمیان تنازع بھی ہوچکا ہے—فائل فوٹو: فیس بک

پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے حریم شاہ نے دعویٰ کیا کہ اینکر مبشر لقمان کو ملک ریاض نے جہاز دیا۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے لوگوں کو یہی دکھانے کی کوشش کی کہ ایک اینکر کے پاس جہاز کہاں سے آیا اور اسی وجہ سے ہی مبشر لقمان ان سے خفا ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: مبشر لقمان اور ٹک ٹاک اسٹارز کے درمیان قانونی جنگ کا آغاز

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مبشر لقمان کو ملک ریاض نے جہاز دیا جب کہ ان کے ساتھ معاملہ بگڑنے پر اینکر کی اہلیہ بھی ان سے ناراض ہوگئی تھیں۔

میری ویڈیو لیک ہوگی تو لوگوں کو ’انجوائے‘ کرنے کا کہوں گی
مفتی قوی کو سبق سکھا دیا، ٹک ٹاک اسٹار—فائل فوٹو: فیس بک
مفتی قوی کو سبق سکھا دیا، ٹک ٹاک اسٹار—فائل فوٹو: فیس بک

پروگرام میں بات کرتے ہوئے حریم شاہ نے کہا کہ ان کے پاس بہت سارے لوگوں کی ویڈیوز ہیں مگر انہوں نے کوئی ایسا کام ہی نہیں کیا کہ انہیں اپنی ویڈیو لیک ہونے کا ڈر ہو۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگر ان کی کوئی ویڈیو لیک ہوئی تو وہ لوگوں کو کہیں گی کہ اسے دیکھ کر ’مزے‘ لیتے رہیں۔

ویڈیوز وائرل کرنے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے مبشر لقمان اور مفتی قوی خان سمیت کچھ لوگوں کو ’سبق‘ سکھا دیا ہے اور باقی کچھ لوگوں کو وہ ’سبق‘ سکھائیں گی۔

فاروق ستار نے ملاقات کے لیے مدعو کیا تھا، حریم شاہ—فائل فوٹو: فیس بک
فاروق ستار نے ملاقات کے لیے مدعو کیا تھا، حریم شاہ—فائل فوٹو: فیس بک

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما فاروق ستار سے ان کی اتفاقی ملاقات نہیں ہوئی تھی بلکہ انہوں نے خود انہیں دعوت دے کر بلایا تھا۔

ماضی میں فاروق ستار اور حریم شاہ کی ملاقات کی تصاویر وائرل ہوئی تھیں اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے دعویٰ کیا تھا کہ ان دونوں کے درمیان اتفاقی ملاقات ہوئی تھی۔

بلاول بھٹو کا انداز بیاں پسند ہے
بلاول بھٹو کی بہت بڑی فین ہوں، حریم شاہ—فائل فوٹو: انسٹاگرام
بلاول بھٹو کی بہت بڑی فین ہوں، حریم شاہ—فائل فوٹو: انسٹاگرام

حریم شاہ نے بتایا کہ اگر انہیں کبھی کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کا موقع ملا تو وہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شامل ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ انہیں پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی وجہ سے پسند ہے جب کہ انہوں نے خود کو پی پی چیئرمین کی مداح قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو سب سے منفرد ہیں اور ان کا انداز بیاں انہیں بہت پسند ہے۔

وزیر اعظم نے خود تصویر پر کوئی اعتراض نہیں کیا تھا، ٹک ٹاک اسٹار—فائل فوٹو: ٹوئٹر
وزیر اعظم نے خود تصویر پر کوئی اعتراض نہیں کیا تھا، ٹک ٹاک اسٹار—فائل فوٹو: ٹوئٹر

اسی طرح انہوں نے ماضی میں وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ تصویر کھچوانے کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا حصہ رہ چکی ہیں اور اب بھی انہیں سپورٹ کرتی ہیں۔

ان کے مطابق انہوں نے ایک تقریب کے دوران وزیر اعظم کے ساتھ تصویر کھچوائی تھی، جس پر عمران خان نے تو انہیں کچھ نہیں کہا مگر دوسرے لوگوں نے انہیں بہت کچھ کہا۔

ہائی پروفائل شخصیات اور مقامات تک رسائی کون دیتا ہے؟

حریم شاہ نے پروگرام میں بتایا کہ انہوں نے وزارت خارجہ کے دفتر میں اجازت لے کر ویڈیوز اور تصاویر بنوائی تھیں، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ انہوں نے کس سے اجازت لی مگر دعویٰ کیا کہ انہوں نے ذاتی طور پر اجازت مانگی تھی۔

حریم شاہ نے کہا کہ ایسے مقامات پر جانے کے لیے لڑکوں کو اجازت نہیں ملے گی۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فیاض الحسن چوہان خود وزارت داخلہ نہیں جا سکتے تو انہیں وہ کیسے وہاں لے جاتے؟

فیاض الحسن چوہان خود وزارت داخلہ نہیں جا سکتے، مجھے کیا لے جاتے، حریم شاہ—فائل فوٹو: فیس بک
فیاض الحسن چوہان خود وزارت داخلہ نہیں جا سکتے، مجھے کیا لے جاتے، حریم شاہ—فائل فوٹو: فیس بک

ہائی پروفائل شخصیات اور مقامات تک رسائی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کوئی واضح جواب نہیں دیا، تاہم کہا کہ ان کی تمام افراد سے ذاتی دوستیاں ہیں، جس کی وجہ سے ان کی رسائی آسان بن جاتی ہے۔

نیم عریاں لباس پہننے کی شرط پر فلم میں کام کی پیش کش کی گئی

حریم شاہ نے انکشاف کیا کہ انہیں ایک فلم ساز نے کسی فلم میں ڈانس پرفارمنس کرنے کی پیش کش کی اور ساتھ ہی کئی نامناسب مطالبات بھی کیے۔

انہوں نے فلم ساز کا نام نہیں بتایا مگر کہا کہ ان سے کہا گیا کہ وہ ڈانس سیکھیں تو انہیں موقع دیا جائے گا۔

حریم شاہ کا کہنا تھا کہ فلم ساز نے انہیں بتایا کہ انہیں فلم میں نیم عریاں لباس پہننا ہوگا، جس میں سے ان کی کمر دکھائی دینی چاہیے، جس پر انہوں نے فلم کی پیش کش مسترد کردی۔

انہوں نے خود کو فربہ خاتون قرار دیا اور کہا کہ وہ فلموں میں آئٹم گانے یا رقص نہیں کر سکتیں، وہ بھاری بھر کم ہیں، ان کے لیے یہ ناموزوں رہے گا۔

اسلام نے عورت کو سب سے زیادہ حقوق دیے ہیں

پروگرام میں حریم شاہ نے ’عورت مارچ’ اور ’فیمنزم‘ پر بھی بات کی اور کہا کہ مذہب اسلام نے عورتوں کو سب سے زیادہ اختیارات اور حقوق دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ’میرا جسم، میری مرضی‘ کے نعرے کے خلاف ہیں، اگر کسی خاتون کو شادی کے بعد شوہر کا کھانا گرم کرنا اور ان کے کپڑے دھونا پسند نہیں تو ایسی عورت کو شادی ہی نہیں کرنی چاہیے۔

حریم شاہ کے مطابق شوہر خاتون کا ’مجازی خدا‘ ہوتا ہے اور ان کی خدمت و احترام کرنا اس پر فرض ہے اور اگر وہ ایسا نہیں کر سکتی تو ایسی خاتون کو زندگی بھر کنوارہ رہنا چاہیے، اسے شادی نہیں کرنی چاہیے۔

تبصرے (0) بند ہیں