جولائی کے وسط سے اب تک نجی شعبے کا قرضہ 412 ارب 40 کروڑ روپے تک پہنچ گیا

04 دسمبر 2021
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈیٹا کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران اسی عرصے میں نجی شعبے نے 43 ارب 20 کروڑ روپے کے قرضے حاصل کیے تھے۔ - فائل فوٹو:رائٹرز
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈیٹا کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران اسی عرصے میں نجی شعبے نے 43 ارب 20 کروڑ روپے کے قرضے حاصل کیے تھے۔ - فائل فوٹو:رائٹرز

کراچی: رواں مالی سال کے پہلے ساڑھے چار ماہ (19 جولائی سے نومبر) کے دوران نجی کاروباری اداروں کی جانب سے بینکوں سے لیے گئے قرضے 412 ارب 40 کروڑ روپے تک پہنچ گئے جو معاشی سرگرمیوں میں بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے ڈیٹا کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران اسی عرصے میں نجی شعبے نے 43 ارب 20 کروڑ روپے کے قرضے حاصل کیے تھے۔

رواں مالی سال کے لیے اپنی پہلی سہ ماہی رپورٹ میں ایس بی پی نے رپورٹ کیا کہ نجی کاروباروں کو دیا جانے والا قرضہ جولائی تا ستمبر کے دوران 318 فیصد تک بڑھ کر 190 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے جو گزشتہ سال کل 87 ارب روپے تھا۔

سب سے بڑی تبدیلی روایتی بینکوں کی جانب سے جارحانہ قرضہ فراہم کرنا تھا، نجی شعبے کو کمرشل بینکوں کے قرضے ساڑھے چار ماہ کے دوران 250 ارب 80 کروڑ روپے تک پہنچ گئے جب کہ ایک سال قبل یہ 74 ارب 70 کروڑ روپے تھے۔

اسلامی بینکوں نے ایک سال پہلے کے 13 ارن 60 کروڑ روپے کے مقابلے نجی شعبے کو 63 ارب 70 کروڑ روپے کے قرضے دیے جبکہ روایتی بینکوں کی اسلامی بینکاری شاخوں نے ایک سال پہلے کی مدت کے 17 ارب 80 کروڑ روپے کے مقابلے میں 97 ارب 80 کروڑ روپے قرضے دیے۔

اسٹیٹ بینک کی پہلی سہ ماہی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ نجی کمپنیوں کی آمدنی میں سالانہ بنیادوں پر 119 فیصد اضافہ ہوا۔

کراچی اسٹاک ایکسچینج کے کے ای انڈیکس میں درج کمپنیوں کے منافع میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں جولائی تا ستمبر 21 فیصد اور 2019 کی اسی سہ ماہی کے مقابلے میں 66 فیصد اضافہ ہوا۔

سرکاری کمپنیوں کے منافع میں سالانہ بنیادوں پر 15 فیصد اضافہ ہوا۔

تبصرے (0) بند ہیں