کراچی: مختلف علاقوں میں ہلکی اور معتدل بارش سے موسم خوشگوار

اپ ڈیٹ 27 دسمبر 2021
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ منگل تک جاری رہنے کا امکان ہے — فوٹو: ڈان نیوز
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ منگل تک جاری رہنے کا امکان ہے — فوٹو: ڈان نیوز

کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے سے ہلکی اور معتدل بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ مختلف علاقوں میں بجلی بھی منقطع ہوگئی۔

مزار قائد، جمشید روڈ، طارق روڈ، لسبیلہ، عزیز آباد، گلشن اقبال، گلستان جوہر، لانڈھی، کورنگی، اورنگی ٹاؤن، گلشن حدید، خالید بن ولید روڈ، ملیر، سعود آباد سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں معتدل بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ منگل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں سب سے زیادہ بارش قائد آباد اور گلشنِ حدید میں 5، 5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جہاں بادل گرج چمک کے ساتھ برسے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی سمیت ملک کے اکثر علاقوں میں بارش، متعدد مقامات میں برفباری کی پیش گوئی

سُرجانی ٹاؤن میں 4.5، کراچی ایئرپورٹ، مسرور بیس، کیماڑی میں 4 ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ پر 3.8، جناح ٹرمینل میں 3.4، نارتھ کراچی میں 3.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح گلستانِ جوہر اور سعدی ٹاؤن میں 3، 3 ملی لیٹر جبکہ فیصل بیس اور اورنگی میں 2، 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

دوسری جانب بارش شروع ہوتے ہی کراچی کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

تاہم ترجمان کے الیکٹرک عمران رانا نے ٹوئٹ کے ذریعے کہا کہ بارش کے باوجود بھی شہر میں بجلی کی فراہمی بلاتعطل جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر کے پیش نظر ایک ہزار 900 میں سے 340 فیڈرز بن کیے گئے ہیں۔

یاد رہے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی تھی کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ہفتے کی شام کو ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں میں داخل ہوگا جس کے نتیجے میں ہفتے کی رات اور اتوار کو کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثر علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش

اس کے علاوہ صوبہ پنجاب میں بہاولپور، رحیم یار خان، ساہیوال، ملتان اور خانیوال، لاہور، راولپنڈی کے ساتھ ساتھ سندھ میں کراچی، سکھر، لاڑکانہ، دادو اور خیرپور سمیت دیگر اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق موسم کا یہ سسٹم اتوار کو تقریباً پورے ملک کو لپیٹ میں لے گا جس سے منگل تک بارش اور برف باری جاری رہنے کا امکان ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں