موسمِ سرما میں ’کے الیکٹرک‘ صارفین کیلئے بجلی سستی کرنے کی منظوری

کے الیکٹرک کے صنعتی صارفین کے لیے بجلی 12روپے 96 پیسے فی یونٹ ہوگا— فائل فوٹو: اے ایف پی
کے الیکٹرک کے صنعتی صارفین کے لیے بجلی 12روپے 96 پیسے فی یونٹ ہوگا— فائل فوٹو: اے ایف پی

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے موسم سرما میں کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی سستی کرنے کے ساتھ کے الیکٹرک کے لیے صنعتی تعاون سے متعلق پیکیج میں توسیع کی درخواست منظور کرلی ہے۔

ریگولیٹری کے فیصلے کے مطابق کے الیکٹرک کے گھریلو، کمرشل، جنرل صارفین کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت 12روپے 96 پیسے فی یونٹ ہوگی۔

تاہم اتھارٹی کی جانب سے کے الیکٹرک صارفین کے لیے رعایتی پیکچ کے فیصلہ کی سمری وفاقی حکومت کو ارسال کردی گئی ہے۔

ریگولیٹری کا کہنا ہے کہ نئے صارفین سمیت تمام بجلی صارفین کے لیے زائد کھپت پر بجلی کے ریٹ 12روپے 96 پیسے فی یونٹ نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیپرا نے موسم گرما میں لوڈشیڈنگ کرنے پر کے الیکٹرک کو ‘نتائج‘ سے خبردار کردیا

رعایتی پیکج کا اطلاق یکم نومبر 2021 سے 28 فروری 2022 تک ہوگا

رعایتی پیکج کے تحت ماہانہ مثبت فیول ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کیا جائے تاہم اس پیکج میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق نہیں ہوگا۔

کے الیکٹرک کے صنعتی صارفین کے لیے بجلی 12روپے 96 پیسے فی یونٹ ہوگا ،یہ ٹیرف بی ون، ٹو، تھری، فور، بی فائیو صارفین پر نافذ ہوگا۔

یہ نرخے مارچ 2019 سے فروری 2020 کے مقابلے زیادہ بجلی کی کھپت پر قابل عمل ہوں گے، نئے صنعتی صارفین کے لیے بھی بجلی کے زیادہ کھپت پر فی یونٹ ریٹ 12روپے96 پیسے ہوں گے۔

نیپرا کے فیصلے کے مطابق انڈسٹریل اسپورٹ پیکیج کا اطلاق یکم جولائی2021 سے31 اکتوبر 2023 تک ہوگا جبکہ مالی سال 2022 میں زیرو ریٹڈ گیٹگری کے صنعتی صارفین پر پیکچ کا اطلاق نہیں ہوگا۔

وفاقی حکومت نے صنعتی صارفین کے لیے پیکچ کا اعلان کیا تھا جس کے بعد نیپرا کے فیصلے میں کے الیکٹرک صنعتی صارفین کے پیکج کے لیے11 ارب 20 کروڑ روپے اضافی سسبڈی کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: نیپرا نے پاور کمپنیوں سے لوڈشیڈنگ پر وضاحت طلب کرلی

یاد رہے گزشتہ سال 5 نومبر کو نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر میں چار ماہ کے لیے اضافی کھپت پر رہائشی، کمرشل اور عام خدمات کے صارفین کے لیے موسم سرما کے مراعاتی پیکیج کے طور پر 12 روپے 96 پیسے فی یونٹ فلیٹ ریٹ پر عمل درآمد کی منظوری دے دی تھی۔

نیپرا نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اسے یکم نومبر 2021 سے 28 فروری 2022 تک موسم سرما کے 4 مہینوں میں ڈسکوز کے رہائشی، کمرشل اور جنرل سروسز صارفین کے لیے سرمائی مراعاتی پیکج کی منظوری پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

نیپرا نے کہا تھا کہ کے الیکٹرک کے لیے موسم سرما کے مراعاتی پیکج کی بھی اصولی طور پر منظوری دے دی گئی ہے، لیکن چونکہ معمولی لاگت کی تصدیق اور اضافی فروخت کے لیے کے الیکٹرک کے ٹیرف میں ایڈجسٹمنٹ کے طریقہ کار کے لیے تفصیلی کام/حساب اور وزارت توانائی کے ساتھ بات چیت کی ضرورت ہے لہذا اس ضمن میں علیحدہ فیصلہ جاری کیا جائے گا۔

دریں اثنا نیپرا نے کے-الیکٹرک کے صارفین سے 3 روپے 45 پیسے فی یونٹ اضافی فیول کوسٹ چارجز وصول کرنے سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: نیپرا نے بجلی کے صارفین کیلئے سبسڈی طریقہ کار کی منظوری دے دی

ستمبر میں صارفین کی جانب سے استعمال ہونے والی بجلی کے لیے 3.45 روپے فی یونٹ اضافی ایندھن کی لاگت کے لیے کے ای کی درخواست پر عوامی سماعت کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی نےکہا کہ ’ایسا اضافی چارج بہت بڑا ہے اور صارفین کے لیے دھچکا ہوگا‘۔

انہوں نے کے الیکٹرک کو ہدایت کی کہ وہ بجلی کی لاگت اور فروخت کی قیمتوں کا تمام ریکارڈ اپنی ویب سائٹ پر پوسٹ کرے۔

چیئرمین نیپرا نے کے الیکٹرک سے تمام معلومات فراہم کرنے کو کہا اور بجلی کی قیمت و فروخت سے متعلق مذکورہ ڈیٹا کمپنی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کی ہدایت کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں