کراچی کو ٹھیک کرنے کے لیے قابض پیپلز پارٹی کو فارغ کرنا پڑے گا، اسد عمر

30 جنوری 2022
وفاقی وزرا اسد عمر اور علی زیدی کراچی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے—فوٹو: اے پی پی
وفاقی وزرا اسد عمر اور علی زیدی کراچی میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے—فوٹو: اے پی پی

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ سندھ میں سیاسی جماعت نہیں مافیاز کی حکومت ہے، زرداری خاندان گاڈ فادرکی طرح حکومت میں بیٹھا ہے جہاں سندھ کے عوام کے ساتھ 13سال سے ظلم ہو رہا ہے لہٰذا کراچی کو ٹھیک کرنے کے لیے قابض پیپلز پارٹی کو فارغ کرنا پڑے گا۔

کراچی میں وفاقی وزیر علی حیدر زیدی کے ہمراہ پریس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ 2023 میں سندھ میں پی ٹی آئی کی حکومت بنانے کے لیے کوششیں جاری ہیں، 2023 کے بعد یہ ڈاکو راج نہیں چلنے دیں گے اور 2023 میں سندھ میں پی ٹی آئی کی حکومت بننے جارہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سندھ کےحالات کو بہتر کرنا چاہتے ہیں، تمام قیادت سندھ کو مسائل سے نکالنے کیلئے کوشاں ہے۔ تحریک انصاف سندھ کے ہر گھر پر دستک دے گی اور 2023 میں صوبے میں حکومت بنا کر عوام کا احساس محرومی اور مسائل کا خاتمہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت بنانے کے لیے کوششیں جاری ہے اور حکومت سازی کے لیے مربوط انداز میں کام شروع ہو چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی کیلئے وفاق آئینی ذمہ داری سے بڑھ کر کردار ادا کررہا ہے، اسد عمر

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم سب اس بات پر متفق ہیں کہ سندھ کے عوام کو پیپلزپارٹی سے چھٹکارا دلانا ہے اور سندھ کے عوام کو بھی وہ سہولیات دینی ہیں جو باقی پاکستانیوں کو میسر ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی قانون آئین سے متصادم ہے ، اس کے خلاف پورے صوبے میں تحریک چلانے جارہے ہے اور سندھ کے ہر گھر تک ہم نے پہنچنا ہے ان کو اپنے اختیار کے لئے اور آئینی حق کے لئے کھڑا ہونے کے لئے دعوت دینے جارہے ہیں۔

کراچی میں میڈیا بریفنگ کے دوران پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اسد عمر نے کہا کہ تمام وفاقی اکائیوں میں صحت کارڈ کا اجرا شروع ہو چکا ہے، سندھ حکومت صحت کے حوالے سے کام کرنے کے لیے تیار نہیں، 13 سال سے سندھ کے عوام کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، سندھ حکومت نے نوجوانوں کی امید ختم کر دی ہے اور عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ترجمان سندھ حکومت کہتے ہیں بیرون ملک سے لوگ سندھ میں علاج کے لیے آرہے ہیں لیکن جس طرح سندھ کے حالات ہیں ملک میں کہیں ایسا نہیں، سندھ میں تمام شعبوں کی طرح صحت کا شعبہ بھی زبوں حالی کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کراچی میں حالات ٹھیک نہ ہوں تو ملک کے معاشی حالات ٹھیک نہیں ہو سکتے، کراچی کو ٹھیک کرنے کے لیے کراچی پر قابض پیپلزپارٹی کو فارغ کرنا پڑے گا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا کہ سندھ میں بلدیات کے کالےقانون پر جوائنٹ اپوزیشن اکٹھاہے، اندرون سندھ حالات انتہائی خراب ہیں، سندھ میں اپوزیشن کا ایک بھی رکن پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں نہیں، بلاول بھٹو وفاق میں انسانی حقوق کمیٹی کے چیئرمین ہیں حالانکہ پیپلزپارٹی سب سے زیادہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی سندھ میں کررہی ہے۔

مزید پڑھیں:علی زیدی کا الیکشن کمیشن سے نوٹس جاری کرنے پر غیرمشروط معافی کا مطالبہ

وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت نے ایم کیو ایم کے پرامن مظاہرین پر ڈنڈےبرسائے، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کا پیپلزپارٹی کی قیادت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھا کہ سندھ میں زرداری مافیا گاڈ فادر بن کر بیٹھ گیا ہے، آصف زرداری نے اپنے منشی کو وزیراعلیٰ سندھ بنا دیا، سندھ میں سیاسی جماعت نہیں مافیا حکومت کررہی ہے، ہم نے اس مافیا سے عوام کی جان چھڑانی ہے۔

علی زیدی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی 26 فروری کو گھوٹکی سے کراچی تک مارچ کرے گی ،26 فروری سے گھوٹکی سے شروع ہونے والے مارچ میں سندھ کے تمام اضلاع سے ہوتے ہوئے ریلی کی صورت میں اگلے اتوار کے روز کراچی پہینچیں گے، ریلی کے دوران ہم پیپلزپارٹی کو بتائیں گے کہ ہمارے مطالبات کیا ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں