کے الیکٹرک کو فروری کیلئے صارفین سے ایک ارب 20 کروڑ روپے وصول کرنے کی اجازت

اپ ڈیٹ 05 اپريل 2022
صارفین پر ایک ارب 20 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا — فائل فوٹو: اے ایف پی
صارفین پر ایک ارب 20 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا — فائل فوٹو: اے ایف پی

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ایندھن کی لاگت ایڈجسٹ کرنے کی مد میں کے الیکٹرک صارفین سے فروری میں استعمال شدہ بجلی پر ایک روپے 29 پیسے فی یونٹ وصول کرنے کی منظوری دے دی جس سے ایک ارب 20 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی سربراہی میں کے الیکٹرک کی جانب سے ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 3 روپے 45 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی نے مطالبہ کیا تھا کہ ریفرنس ٹیرف کے علاوہ اضافی فیول کاسٹ ایڈجسمٹ اسے فروری میں استعمال ہونے والے ایندھن پر 3 ارب 4 کروڑ روپے کے اضافی اخراجات کی وصولی میں مدد دے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی 2 روپے 90 پیسے فی یونٹ مہنگی

نیپرا کے کیس افسران نے کہا کہ کے الیکٹرک کی پٹیشن کی بنیاد پر فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کا اثر 3 روپے 45 پیسے نہیں بلکہ 3 روپے 95 پیسے بنتا ہے۔

تاہم ہیٹ ریٹ اور دیگر حساب کتاب کی مد میں متعدد کٹوتیوں کے بعد نیپرا کی ٹیم نے فروری کے لیے ایک روپے 29 پیسے ایف سی اے کا حساب لگایا۔

نیپرا چیئرمین کی جانب سے بجلی کی بندش سے متعلق سوال کے جواب میں کے الیکٹرک نمائندے نے کہا کہ ڈیڑھ گھنٹے کے حالیہ مسئلے کے سوا شہر میں کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی۔

اس دعوے کو کچھ صارفین نے چیلنج کیا اور نیپرا سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں نیپرا کے ریجنل دفتر کے ذریعے شہر میں لوڈشیڈنگ پر سروے کرالیا جائے۔

مزید پڑھیں: کے الیکٹرک کی جنوری کیلئے بجلی کی 3.40 روپے فی یونٹ اضافی قیمت وصول کرنے کی درخواست

صارفین نے اس بات پر بھی احتجاج کیا کہ کم نقصان اور زیادہ ریکوری والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ کیوں کی جارہی ہے۔

جس پر نیپرا ٹیم نے متاثرہ صارفین کو ریجنل دفتر میں درخواست جمع کرانے کی ہدایت کی۔

چیئرمین نیپرا نے کہا کہ کمپنی کو اپنی ٹیکنالوجی اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ایک ہی فیڈر سے منسلک ادائیگی کرنے والے صارفین، ادائیگی نہ کرنے والے صارفین کی وجہ سے متاثر نہ ہوں، البتہ انہوں نے اعتراف کیا کہ اس میں وقت لگے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں