‘فوج اور سوسائٹی ’میں تقسیم سے متعلق پروپیگنڈا مہم کا نوٹس

اپ ڈیٹ 13 اپريل 2022
آرمی چیف کی زیرصدارت تمام فارمیشنز کمانڈرز کا اجلاس ہوا—فوٹو: آئی ایس پی آر
آرمی چیف کی زیرصدارت تمام فارمیشنز کمانڈرز کا اجلاس ہوا—فوٹو: آئی ایس پی آر

پاک فوج نے ادارے کے خلاف سوشل میڈیا پر چلنے والی حالیہ پروپیگنڈا مہم پر نوٹس لیتے ہوئے اس کو ادارے اور سوسائٹی کے درمیان تقسیم قرار دیا اور قیادت کی جانب سے ‘آئین اور قانون کی بالادستی قائم رکھنے کے عزم’ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت 79 ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جہاں کورکمانڈرز، پرنسپل اسٹاف افسران اور تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں: امریکا کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں، روس کو یوکرین پر حملے فوری روکنے چاہئیں، آرمی چیف

بیان میں کہا گیا کہ ‘کانفرنس میں چند حلقوں کی جانب سے پاک فوج کو بدنام کرنے کے لیے کی گئی حالیہ پروپیگنڈا مہم اور ادارے اور سوسائٹی کے درمیان تقسیم پیدا کرنے کی کوشش پر نوٹس لیا گیا’۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ‘پاکستان کی قومی سلامتی مقدم ہے، پاک فوج ہمیشہ ریاستی اداروں کی حفاظت کے لیے ان کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور کسی شرط کے بغیر ہمیشہ رہے گی’۔

بیان میں کہا گیا کہ کانفرنس کے شرکا نے قیادت کے ہرقیمت میں آئین اور قانون کی بالادستی برقرار رکھنے کے لیے مؤقف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔

خیال رہے کہ رواں ہفتے سابق وزیراعظم عمران خان کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد فوج پر تنقید کی گئی تھی اور ٹوئٹر پر فوج اور فوجی قیادت کے خلاف سرگرمیاں دیکھی گئی تھیں اور ٹرینڈز چلائے گئے تھے۔

عمران خان کو وزارت عظمیٰ سے ہٹانے کے ایک روز بعد اتوار کو ملک گیر احتجاج کے دوران فوج کے حوالے سے سخت نعرے لگائے گئے تھے۔

آئی ایس پی آر نے اجلاس کے حوالے سے بتایا کہ سوشل میڈیا پر چلنے والی مہم پر نوٹس لینے کے علاوہ فوجی قیادت کو پیشہ ورانہ امور، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور روایتی اور غیرروایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے انسدادی اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: ترقی کی خاطر حکومتی پالیسیوں کے عمل درآمد میں پورا ساتھ دیں گے، آرمی چیف

بیان میں بتایا گیا کہ چیف آف آرمی اسٹاف نے فارمیشنز کی پیشہ ورانہ تیاریوں اور ابھرتی ہوئی چینلجنز کے توڑ کے لیے طریقہ کار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ اجلاس میں افسران او جوانوں کی جانب سے سرحدوں کی حفاظت اور عوام کی سلامتی کے لیے قیمتی قربانیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

بیان میں بتایا گیا کہ پاک فوج اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے اور ہر طرح کے حالات میں تمام اندرونی اور بیرونی خطرات کے خلاف پاکستان کی سرحدی استحکام اور خودمختاری کا دفاع جاری رکھے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں