وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ کے ضلع دادو کی تحصیل میہڑ میں دو دیہات میں آگ لگنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا جہاں 6 بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق اور مالی نقصان ہوا۔

سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے ضلع دادو کی تحصیل میہڑ میں دو دیہات میں آگ لگنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ میہر میں آتشزدگی کے واقعے میں 6 بچوں سمیت 9 افراد کے جاں بحق ہوئے، جس پر وزیراعظم نے گہرے رنج اور غم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ متاثرہ دیہات کے مکینوں اور متاثرین سے دلی ہمدردی اور افسوس کرتے ہیں، اس واقعے میں جانی اور مالی نقصانات پر میرا دل بے حد غمگین اور دکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرین کی امداد کے لیے وفاقی حکومت اقدامات کرے گی اور وہ سندھ کی صوبائی حکومت سے بھی متاثرین کی مالی امداد کے لیے بات کریں گے۔

وزیراعظم نے این ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ متاثرہ خاندانوں کی بحالی میں بھرپور مدد کریں۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو اعلیٰ مقام اور لواحقین کو صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں دیہاتوں میں آگ لگنے سے 9 افراد جاں بحق ہوئے اور 145 سے زائد گھر تباہ اور 160 جانور بھی مرگئے۔

رپورٹس کے مطابق واقعے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں