• KHI: Fajr 5:11am Sunrise 6:27am
  • LHR: Fajr 4:40am Sunrise 6:00am
  • ISB: Fajr 4:44am Sunrise 6:07am
  • KHI: Fajr 5:11am Sunrise 6:27am
  • LHR: Fajr 4:40am Sunrise 6:00am
  • ISB: Fajr 4:44am Sunrise 6:07am

عمران خان نے کارکنوں کو اسلام آباد میں مارچ کی تیاری کی ہدایت کردی

شائع April 23, 2022
سابق وزیر اعظم نے نواز شریف پر سازش کا الزام بھی لگایا—فوٹو: اے ایف پی
سابق وزیر اعظم نے نواز شریف پر سازش کا الزام بھی لگایا—فوٹو: اے ایف پی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے مبینہ دھمکی آمیز مراسلے پر سپریم کورٹ کی اوپن سماعت کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کارکنان کو دارالحکومت اسلام آباد میں مارچ کی تیاری کرنے کی ہدایت کردی۔

وزارت عظمیٰ سے معزول ہونے کے بعد اسلام آباد میں پہلی پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی جماعت 27 رمضان المبارک کو یوم دعا منائے گی اور وہ جلد ہی کارکنان کو حقیقی آزادی کے لیے دارالحکومت میں مارچ کرنے کی کال دیں گے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے تسلیم کیا ہے کہ مراسلہ حقیقت ہے، جس میں تکبر کے ساتھ دھمکی دی گئی تھی اور تکبر کے ساتھ کہا گیا تھا کہ عمران خان کو ہٹایا گیا تو معافی دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ مراسلے کی تحقیق کے لیے سپریم کورٹ کھلی سماعت کرے، تاکہ لوگوں کو پتا چلے کہ کون کون لوگ غیر ملکی سفارت خانے جاتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی حکومت کو ہٹانے میں کوئی غیر ملکی سازش ثابت نہیں ہوئی، قومی سلامتی کمیٹی

سابق وزیر اعظم کے مطابق سپریم کورٹ کو اب وہ کرنا چاہیے جو تب کرنا چاہیے تھا، کیوں کہ یہ ملکی آزادی اور خود مختاری کےخلاف بڑی سازش ہوئی ہے اگر سپریم کورٹ نے اوپن سماعت نہ کی تو آئندہ کوئی سربراہ کھڑا نہیں ہوگا۔

ان کے مطابق سپریم کورٹ تحقیقات کرے گا تو پتا چلے گا کہ کون اس سازش میں ملوث تھا، اب تو قومی سلامتی میں بھی سازش ثابت ہوگئی۔

چیئرمین تحریک انصاف نے دعویٰ کیا کہ انہیں جنوری 2022 میں ہی معلوم ہو چکا تھا کہ سازش کی جا رہی ہے، اگر اب ادارے کھڑے نہ ہوئے تو ہمارے بچوں کا بھی مستقبل خطرے میں ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جب ملک کی معیشت مضبوط ہو رہی تھی، ہماری ٹیکس وصولی سب سے زیادہ تھی، پیداوار بڑھ رہی تھی، صنعتی پیداوار آگے بڑھ رہی تھی تو اس وقت ملک کے خلاف سازش کرکے افراتفری کا ماحول پیدا کیا گیا۔

سابق وزیر اعظم نے الزام عائد کیا کہ نواز شریف نے لندن میں بیٹھ کر سازش کی اور انہوں نے لوگوں سے ملاقاتیں کیں جب کہ ان کے چھوٹے بھائی اور آصف علی زرداری نے یہاں سے ان کا ساتھ دیا۔

مزید پڑھیں: مراسلہ پاکستان کے معاملات میں مداخلت ہے، سفارتی جواب دیں گے، قومی سلامتی کمیٹی

عمران خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ بھی سن رکھا ہے کہ کوئی کہہ رہا تھا کہ اس طرح کے مراسلے آتے رہتے ہیں، کوئی یہ بھی کہتا ہے کہ پہلے بھی ایسی دھمکیاں دی جاتی تھیں تو ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے۔

پی ٹی آئی سربراہ نے دوران پریس کانفرنس چیف الیکشن کمشنر پر بھی عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جانبدار ہیں، ان پر اعتماد نہیں، جب ہمیں ان پر اعتماد ہی نہیں تو انہیں مستعفی ہوجانا چاہیے۔

عمران خان نے وزیر اعظم شہباز شریف کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ انہیں اور ان کے بیٹے کو 40 ارب روپے کا جواب دینا ہے، وہ چور ہیں۔

سابق وزیر اعظم نے شہباز حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے، کیوں کہ انہوں نے ویسے بھی بیرون ملک نہیں جانا۔

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024