مسجد نبوی ﷺ واقعے پر اسلامی نظریاتی کونسل کا اظہارِ مذمت

اپ ڈیٹ 01 مئ 2022
سی آئی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ ملک کو ایک نئے سیاسی چارٹر کی ضرورت ہے — فائل فوٹو: ڈان نیوز
سی آئی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ ملک کو ایک نئے سیاسی چارٹر کی ضرورت ہے — فائل فوٹو: ڈان نیوز

اسلامی نظریاتی کونسل (سی آئی آئی) کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے 27 رمضان المبارک کو مسجد نبوی میں غنڈہ گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مقدس مقام کی صریح بے حرمتی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز جاری کردہ ایک بیان میں ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ اس واقعے کی مذمت کی جانی چاہیے جس نے تمام مسلمانوں کو دکھ پہنچایا۔

سی آئی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ ملک کو ایک نئے سیاسی چارٹر کی ضرورت ہے جس کے تحت تمام سیاسی جماعتیں نظریہ پاکستان کے پیغام پر متفق ہوں اور لوگوں میں نفرت اور عدم برداشت پیدا کرنے اور مذہب کی توہین کے بجائے سیاسی اختلافات کو قوم کی تعمیر و ترقی کے لیے استعمال کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: 'توہین مذہب' کے الزام پر تشدد کرنا شریعت کے خلاف ہے، اسلامی نظریاتی کونسل

انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم اپنے اختلافات کو اس حد تک لے جانا ہمارے لیے باعث شرم ہے کہ خانہ کعبہ کے بعد دوسرے معزز ترین مقام کے تقدس کو بھی مدنظر نہیں رکھا گیا، انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں کو ملک میں رواداری اور شائستگی کے کلچر کو فروغ دینا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات کو اس حد تک نہ بڑھایا جائے کہ لوگ مسجدوں اور گلیوں میں جھگڑنے لگیں۔

ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں اونچی آواز میں بات کرنا منع ہے اور اس طرح کے واقعات کو حرمت کی خلاف ورزی سمجھا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: اسلامی نظریاتی کونسل کی مندر پر حملے کی مذمت

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے نہ صرف اسلامی مقامات اور مقدسات کی بے حرمتی کو شریعت کے اصولوں کے خلاف قرار دیا تھا بلکہ کونسل کے مذہبی ماہرین دوسرے مذاہب کے مقدس مقامات کی خلاف ورزی کو بھی حرام قرار دے چکے ہیں۔

انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ مسجد نبوی ﷺ کے تقدس کو پامال کرنے والوں کو سزا دینے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

تبصرے (0) بند ہیں