کراچی: اورنج لائن بس ڈپو کا کام اب تک مکمل نہ ہوسکا

اپ ڈیٹ 23 مئ 2022
عہدیدار کا کہنا ہے کہ ڈپو جلد مکمل کرلیا جائے گا— فائل فوٹو: ڈان نیوز
عہدیدار کا کہنا ہے کہ ڈپو جلد مکمل کرلیا جائے گا— فائل فوٹو: ڈان نیوز

سندھ حکومت نے اورنج لائن ریپڈ ٹرانزٹ کی 20 بسیں سرجانی ٹاؤن میں واقع وفاقی حکومت کے منصوبے گرین لائن بس سروس کے ڈپو پر منتقل کردی ہیں، بنارس چوک کے قریب بس ڈپو تاحال مکمل نہیں ہوا جبکہ سندھ حکومت نے اس اقدام کو ’جزوی انتظام‘ قرار دیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ چین سے آنے والی بسیں کراچی پورٹ سے سرجانی ٹاؤن میں واقع بس گرین لائن کے بس ڈپو منتقل کردی گئی ہیں، کیونکہ بنارس چوک کے قریب اسی طرح کی سہولت سے مزین بس سروس کا ڈپو اب تک مکمل نہیں ہوا ہے۔

تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ بنارس چوک کے قریب واقع بس ڈپو ایک ہفتے میں مکمل ہوجائے گا۔

مزید پڑھیں: اورنج لائن عوامی خدمت کا ایک منصوبہ یا ایک ’سفید ہاتھی‘؟

انہوں نے مزید کہا کہ اورنج لائن بسوں کو سرجانی ٹاؤن منتقل کرنے کا فیصلہ بسوں کو نقصان سے بچانے کے لیے کیا گیا تھا۔

دریں اثنا وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے اورنج لائن راہداری پر واقع عبدالستار بی آر ٹی کا دورہ کیا اور شہر میں جاری انفرااسٹرکچر کے کاموں اور مکمل شدہ ڈپو کا جائزہ لیا۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیر نے متعلقہ عہدیداران کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی صورت میں ترقیاتی کام 30 مئی تک مکمل ہوجانا چاہیے۔

شرجیل میمن نے ہدایت کی کہ ’زیر زمین ایندھن کے ٹینکس، ضائع شدہ پانی کے پلانٹ، ڈپو پر شیڈز، لفٹ اور ایکسیلیٹرز کی تنصیب سمیت تمام کام وقت پر مکمل کیے جائیں‘۔

یہ بھی پڑھیں: اورنج لائن ٹرین کا پہلی بار مکمل روٹ پر آزمائشی سفر

انہوں نے یہ ہدایت بھی جاری کی کہ چین سے برآمد کیے جانے والے ایکسیلیٹرز سمندر کے بجائے فضائی سہولت کے ذریعے برآمد کیے جائیں تاکہ وقت بچایا جاسکے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے افسران ہر وقت کام کی نگرانی کرتے ہوئے ہر دو گھنٹے میں مجھے رپورٹ جمع کروائیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں