صدر مملکت عارف علوی نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کرلیا

اپ ڈیٹ 25 مئ 2022
صدر نے مشترکہ اجلاس آئین کے آرٹیکل 54(1)چ کے تحت طلب کیا گیا ہے—تصویر: پی آئی ڈی
صدر نے مشترکہ اجلاس آئین کے آرٹیکل 54(1)چ کے تحت طلب کیا گیا ہے—تصویر: پی آئی ڈی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں، سینیٹ اور قومی اسمبلی کا مشترکہ اجلاس طلب کرلیا۔

اس ضمن میں ایوانِ صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 26 مئی بروز جمعرات سہ پہر 4 بجے طلب کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق مشترکہ اجلاس آئین کے آرٹیکل 54(1)چ کے تحت طلب کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مشترکہ اجلاس کے دوران پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کیا کچھ ہوتا رہا؟

خیال رہے کہ صدر نے پارلیمان کا آخری مشترکہ اجلاس گزشتہ برس نومبر میں طلب کیا تھا جس میں پی ٹی آئی حکومت نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2021 سمیت دیگر بلز منظور کرائے تھے۔

یہاں یہ بات مدِ نظر رہے کہ موجودہ حکومت میں شامل جماعتوں نے تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں سابق وزیراعظم عمران خان کو اقتدار سے بے دخل کردیا تھا۔

پی ٹی آئی حکومت نے تحریک عدم اعتماد اور حکومت کے خاتمے کو غیر ملکی سازش قرار دیا تھا اور احتجاجاً قومی اسمبلی سے استعفے دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

بعدازاں 14 اپریل کو سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے بحیثیت قائم مقام اسپیکر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 123 اراکین کے استعفے منظور کر لیے تھے۔

مزید پڑھیں: پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل منظور، اپوزیشن کا واک آؤٹ

تاہم پی ٹی آئی اراکین کو اب تک قومی اسمبلی سے ڈی نوٹیفائی نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ صدر کی جانب سے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ایسے وقت طلب کیا گیا ہے جب پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ کے لیے اسلام آباد پہنچنے اور حکومت کی جانب سے انہیں روکنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، اس دوران ملک کے مختلف حصوں میں صورتحال میں کشیدگی دیکھنے میں آئی۔

تبصرے (0) بند ہیں