پی ٹی آئی کے سابق اراکین اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری

اپ ڈیٹ 26 مئ 2022
نامزد امیدواروں کی فہرستیں 8 جون کو جاری کی جائیں گی — فائل/فوٹو: اے ایف پی
نامزد امیدواروں کی فہرستیں 8 جون کو جاری کی جائیں گی — فائل/فوٹو: اے ایف پی

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 25 ارکان صوبائی اسمبلی کے ڈی نوٹی فکیشن کے بعد پنجاب اسمبلی کی خالی ہونے والی 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات 17 جولائی کو ہوں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ای سی پی کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ متعلقہ حلقوں کے ریٹرننگ افسران ضمنی انتخابات کا پبلک نوٹس 31 مئی کو جاری کریں گے اور کاغذات نامزدگی 4 سے 7 جون کے درمیان وصول کیے جائیں گے۔

نامزد امیدواروں کی فہرستیں 8 جون کو جاری کی جائیں گی اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 11 جون تک ہوگی۔

ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کی آخری تاریخ 15 جون ہوگی اور اپیلٹ ٹربیونل اسی روز اس کا فیصلہ کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کو ڈی سیٹ کردیا

الیکشن کمیشن کے نوٹی فکیشن کے مطابق امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرستیں 22 جون کو شائع کی جائیں گی اور امیدوار 23 جون تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکتے ہیں جبکہ انتخابی نشانات 24 جون کو الیکشن لڑنے والے امیدواروں کو الاٹ کیے جائیں گے اور پولنگ 17 جولائی کو ہوگی۔

جن نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے ان میں پی پی 7 راولپنڈی-2، پی پی 83 خوشاب -2، پی پی 90 بھکر-2، پی پی 97 فیصل آباد-1، پی پی 125 جھنگ-2، پی پی 127 جھنگ 4، پی پی 140 شیخوپورہ-6، پی پی 158 لاہور-15، پی پی 167، 168 اور 170 لاہور 14 اور 16، پی پی 202 ساہیوال-7، پی ہی 217 ملتان-7، پی پی 224 لودھراں-1، پی پی 228 لودھراں 5، پپ 237 بہاولنگر-1، پی پی 272 اور 273 مظفرگڑھ-5، 6، پی پی 282 لیہ-3، اور پی پی 288 ڈیرہ غازی خان-4 شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے ان اراکین اسمبلی نے پنجاب اسمبلی میں پارٹی پالیسی کے خلاف جاتے ہوئے وزارت اعلیٰ کے انتخاب میں حمزہ شہباز کو ووٹ دیا تھا۔

21 مارچ 2022 کو صدر مملکت عارف علوی نے اس وقت کے وزیرِ اعظم عمران خان کے مشورے پر آئین کے آرٹیکل 63 اے کے اغراض و مقاصد، اس کی وسعت اور دیگر متعلقہ امور پر سپریم کورٹ کی رائے طلب کرتے ہوئے صدارتی ریفرنس کی منظوری دی تھی۔

مزید پڑھیں: منحرف رکن اسمبلی کا ووٹ شمار نہیں ہوگا، تاحیات نااہلی کا فیصلہ پارلیمان کرے، سپریم کورٹ

الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کو ڈی سیٹ کردیا تھا جن میں مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والی پانچ خواتین ارکان اسمبلی بھی شامل تھیں۔

بعد ازاں 18 مئی 2022 کو سپریم کورٹ نے آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس پر فیصلے میں کہا ہے کہ منحرف رکن اسمبلی کا پارٹی پالیسی کے برخلاف دیا گیا ووٹ شمار نہیں ہوگا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کی روشنی میں اس فیصلے کے 2 روز بعد 20 مئی کو الیکشن کمیشن نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں حمزہ شہباز کو ووٹ دینے والے پی ٹی آئی کے 25 منحرف اراکین صوبائی اسمبلی کے خلاف ریفرنس منظور کرتے ہوئے انہیں ڈی سیٹ کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن نے 25 منحرف اراکین کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

بعد ازاں 23 مئی 2022 کو الیکشن کمیشن نے وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار چوہدری پرویز الہٰی کے بجائے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حمزہ شہباز کی حمایت میں ووٹ دینے والے پی ٹی آئی کے 25 منحرف اراکین کی صوبائی اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کا باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا تھا۔

خیال رہے آئین کے آرٹیکل 63 اے کے مطابق کسی رکن پارلیمنٹ کو انحراف کی بنیاد پر نااہل قرار دیا جا سکتا ہے، اس کارروائی کے لیے پارٹی کا سربراہ اسپیکر صوبائی اسمبلی اور اسپیکر الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیجتا ہے، جس کے بعد الیکشن کمیشن منحرف رکن کی اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں