نان ٹیکسٹائل برآمدات بڑھ کر 11 ارب 25 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی

اپ ڈیٹ 21 جون 2022
پاکستان قطر میں ہونے والے فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کے لیے فٹ بال کا باضابطہ سپلائر ہے—فائل فوٹو: ڈان
پاکستان قطر میں ہونے والے فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کے لیے فٹ بال کا باضابطہ سپلائر ہے—فائل فوٹو: ڈان

حکومتی امدادی اسکیمز اور بین الاقوامی آرڈرز کی بحالی کے بعد رواں مالی سال کے ابتدائی 11 ماہ کے دوران پاکستان کی نان ٹیکسٹائل برآمدات سالانہ بنیادوں پر 27.40 فیصد بڑھ کر 11 ارب 25 کروڑ ڈالر تک جا پہنچی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نان ٹیکسائل سیکٹر میں مجموعی نمو زیادہ تر ویلیو ایڈڈ سیکٹرز کی وجہ سے ہوئی۔

پاکستان ادارہ شماریات کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق نان ٹیکسٹائل سیکٹرز کو ملنے والے آرڈرز کی تعداد اب تک کورونا وبا سے پہلے کی سطح تک نہیں پہنچ سکی۔

یہ بھی پڑھیں: خدمات کی برآمدات میں جولائی تا مارچ 17 فیصد اضافہ

مالی سال 2021 میں تین شعبے، چمڑے کے ملبوسات، آلات جراحی اور انجینئرنگ کی اشیا نے متعدد ممالک میں لاک ڈاؤنز کے باوجود برآمدات میں ترقی کی۔

ویلیو ایڈڈ چمڑے کے شعبے میں چمڑے کے ملبوسات کی برآمدات 12.04 فیصد اور چمڑے کے دستانوں کی برآمدات 13 فیصد بڑھی۔

اس کے برعکس جولائی تا مئی کے دوران خام چمڑے کی برآمدات میں 31.57 فیصد اضافہ ہوا۔

پاکستان عالمی سطح پر آلات جراحی کا بڑا برآمد کنندہ ہے تاہم ان آلات کو مغربی ممالک میں مشہور برانڈز کے نام سے پیش کیا جاتا ہے جس کے نتیجے میں ان اشیا کی برآمدات کی قدر بہت کم رہتی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی برآمدات 23 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی

آلات جراحی کی برآمدات کی شرح نمو گزشتہ مالی سال کے 11 ماہ کے مقابلے میں رواہ مالی سال کے دوران 1.37 فیصد منفی رہی جبکہ ادویہ ساز اشیا کی برآمدات اسی عرصےمیں 1.64 فیصد بڑھی۔

جوتوں کی برآمدات میں چمڑے سے بنے جوتے اور کینوس جوتوں کی وجہ سے سالانہ 25.22 فیصد اضافہ ہوا جبکہ انجینئرنگ کی اشیا کی برآمدات 7.23 فیصد بڑھی، اسی عرصے میں بجلی کے پنکھوں کی برآمدات میں 2.33 فیصد اضافہ ہوا۔

ایک سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کے 11 ماہ کے دوران قالینوں کی برآمدات 12.80 فیصد، کھیلوں کے سامان کی 32.37 فیصد بڑھی، کھیلوں کے شعبے میں فٹ بالز کی فروخت میں 44.53 فیصد اضافہ ہوا۔

یہاں یہ بات مدِ نظر رہے کہ پاکستان باضابطہ طور پر قطر کے دارالحکومت دوحہ میں رواں برس نومبر میں ہونے والے فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کے لیے فٹ بال فراہم کرنے والا ملک ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ٹی سیکٹر میں پاکستان کی برآمدات تاریخ کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئیں

مالی سال 22-2021 کے بجٹ میں حکومت نے ادویہ سازی، پلاسٹ، کیمیکلز، انجینیئرنگ اور ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل اشیا کی برآمدات بڑھانے کے لیے خام مال پر ڈیوٹی کم کرنے جیسے متعدد اقدامات اٹھائے تھے۔

پاکستان ادارہ شماریات کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے رواں مالی سال کے 11 ماہ کے دوران اشیائے خور و نوش کی برآمدات میں 24.23 فیصد اضافہ ہوا۔

تبصرے (0) بند ہیں