مہنگائی کے باوجود ایچ ایس وائے کا عروسی ملبوسات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان

اپ ڈیٹ 22 جون 2022
حسن شہریار نے کہا ہم یہ وعدہ کرتے ہیں کہ ہم قیمتیں نہیں تبدیل کریں گے —فوٹو : انسٹاگرام
حسن شہریار نے کہا ہم یہ وعدہ کرتے ہیں کہ ہم قیمتیں نہیں تبدیل کریں گے —فوٹو : انسٹاگرام

پاکستان میں مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی اور چند ماہ میں قریب آتے شادیوں کے سیزن کے پیش نظر خریداری کے لیے پریشان خواتین کو معروف فیشن ڈیزائنر ’حسن شہریار یاسین‘ المعروف ’ایچ ایس وائے‘ نے خوشخبری سنادی ہے۔

حسن شہریار کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں انہوں نے اپنے برانڈ کے تیار کردہ عروسی ملبوسات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا اعلان کیا۔

ویڈیو کے آغاز میں انہوں نے کہا کہ ’میں آج جو کچھ بھی ہوں اپنی ماں کی دعاؤں اور پاکستان کی وجہ سے ہوں جہاں اس وقت مہنگائی کا دور ہے اس لیے میں آپ کی مدد کرنا چاہتا ہوں‘۔

انہوں نے کہا کہ یہاں ایچ ایس وائے پر ہماری ہمیشہ یہی کوشش رہی ہے کہ آپ جب بھی یہاں آئیں تو آپ کو فیملی جیسا احساس ہو، ایسا اخلاق رکھیں کہ آپ کو کبھی یہ نہ لگے کہ آپ غیروں کے ساتھ ہیں۔

حسن شہریار نے کہا کہ شادی انتہائی اہم موقع ہوتا ہے جب آپ کو ہر طرح کی مدد کی ضرورت ہوتی ہے اور یہاں اس موقع پر ہم آپ کی مدد کرنا چاہتے ہیں جب ہر برانڈ اپنی قیمتیں تبدیل کررہا ہے کیونکہ بہرحال انتظامی لاگت میں اضافہ ہورہا ہے۔

حسن شہریار نے کہا ’ہم آپ سے یہ وعدہ کرنے آئے ہیں کہ ہم اپنی قیمتیں نہیں تبدیل کریں گے اور موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’اس کے علاوہ اگر ہم آپ کو اقساط میں ادائیگی کی پیشکش کرسکیں جس سے آپ کی کوئی مدد ہوسکے تو ہم یہ بھی کرنے کو تیار ہیں‘۔

ویڈیو کے اختتام پر حسن شہریار نے کہا کہ ’اس مشکل وقت میں ہم آپ کا ساتھ دینا چاہتے ہیں، اس لیے آپ ایچ ایس وائے ضرور آئیں اور اپنی مدد کے لیے ہماری مدد کریں‘۔

ایچ ایس وائے کے اس اعلان پر جہاں ان کو سراہا جارہا ہے وہیں کچھ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس اعلان پر طنزیہ تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔

ایک صارف نے کہا تنخواہ دار طبقے کو اسی ہیرو کی تو تلاش تھی، یہ جان کر خوشی ہوئی کہ مہنگائی کے اس دور میں ’ایچ ایس وائے‘ کے عروسی جوڑے کی قیمت اب بھی محض 9 لاکھ ہے۔

اسی طرح ایک اور صارف نے لکھا کہ ’ایچ ایس وائے کو ہمارا بہت خیال ہے اس لیے وہ عروسی جوڑوں کی قیمت نہیں بڑھا رہے، 20 لاکھ والا جوڑا 22 لاکھ کا ہوجاتا تو یہ امیر لوگ خرید ہی نہیں سکتے تھے‘۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ ’یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ مہنگائی میں تمام تر اضافے کے باوجود کم از کم ایچ ایس وائے کے عروسی جوڑے اسی قیمت پر رہیں گے جسے خریدنے کے متحمل ہم مہنگائی سے پہلے بھی نہیں تھے‘۔

تبصرے (0) بند ہیں