پرویز الہٰی کی تقریبِ حلف برداری کی مختصر کوریج

سپریم کورٹ نے پرویز الٰہی کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے انہیں پنجاب کا نیا وزیراعلیٰ قرار دیا تھا—فائل فوٹو: اے پی پی
سپریم کورٹ نے پرویز الٰہی کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے انہیں پنجاب کا نیا وزیراعلیٰ قرار دیا تھا—فائل فوٹو: اے پی پی

بدھ کو ایوان صدر میں حلف برداری کی ایک غیر معمولی تقریب ہوئی جب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پرویز الٰہی سے پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق تقریب کو سرکاری نشریاتی ادارے پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) نے نشر کیا۔

بدھ کی رات 2 بجے ہونے والے اجلاس میں چوہدری مونس الٰہی، چوہدری وجاہت حسین، چوہدری حسین الٰہی، چوہدری رسق الٰہی، شیخ رشید احمد، فواد چوہدری، پرویز خٹک، بابر اعوان، سینیٹر شبلی فراز، فرخ حبیب، نور الحق قادری، علی زیدی، سینیٹر اعظم سواتی، ملک امین اسلم، سینیٹر فیصل جاوید، شہریار آفریدی، شہباز گل اور عامر محمود کیانی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: چوہدری پرویز الہٰی نے وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھا لیا

خیال رہے کہ منگل کو سپریم کورٹ نے پرویز الٰہی کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے انہیں پنجاب کا نیا وزیراعلیٰ قرار دیا تھا۔

پی ٹی وی کے ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ ایک ٹاک شو کے دوران تقریب کا صرف ایک مختصر حصہ ٹیلی ویژن پر بغیر کسی آواز کے دکھایا گیا۔

حلف برداری کی تقریب میں پاکستان مسلم لیگ (ق) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینئر قیادت اور سول سوسائٹی کے ارکان نے شرکت کی۔

قبل ازیں صدر مملکت نے پرویز الٰہی کو وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

مزید پڑھیں: چوہدری شجاعت نے دباؤ کے سبب پرویز الٰہی کی حمایت سے معذرت کر لی تھی، مونس الٰہی

یہ تقریب 22 جولائی 2022 کو پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے حکم کے خلاف کیس میں موجود سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق منعقد کی گئی تھی جس میں گورنر پنجاب کو آئین و قانون کے مطابق درخواست گزار کی حلف برداری کا انتظام کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر گورنر حلف نہ لے سکیں تو صدر پاکستان فوری طور پر درخواست گزار سے بطور وزیر اعلیٰ عہدے کا حلف دلوا سکتے ہیں۔

پرائیویٹ جیٹ پر دارالحکومت کی پرواز

گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن کی جانب سے حلف برداری سے انکار پر چوہدری پرویز الٰہی کو لاہور سے وفاقی دارالحکومت جانا پڑا۔

انہوں نے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض حسین کے نجی طیارے میں سفر کیا، جو نامزد وزیراعلیٰ پرویز الٰہی سمیت 12 مسافروں کے ساتھ لاہور سے روانہ ہوا اور اس کے عملے کے تین ارکان میں کیپٹن عدنان اور زعیم بھی شامل تھے۔

ان کے علاوہ طیارے میں چوہدری وجاہت، حماد اظہر، زین قریشی، مراد راس سمیت دیگر افراد بھی سوار ہو کر اسلام آباد پہنچے۔

یہ بھی پڑھیں: معاملہ شجاعت، زرداری اور پرویز الٰہی کا: کب اور کیا کچھ ہوا؟

جیسے ہی پرویز الہٰی کی خصوصی پرواز ایئرپورٹ پر اتری، انہیں پنجاب پولیس اور اسپیشل برانچ کی جانب سے سیکیورٹی فراہم کی گئی اور ایوان صدر کے راستے پر بھی پولیس کی خصوصی تعیناتی کی گئی۔

تاہم جب ڈان نے رابطہ کیا تو مسلم لیگ (ق) کے ترجمان کامل علی آغا نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ یہ سچ ہے یا نہیں، انہوں نے کہا کہ میں اس پر تبصرہ نہیں کر سکتا کیونکہ یہ میرے علم میں نہیں ہے۔

بعد ازاں نئے وزیراعلیٰ وفاقی دارالحکومت میں مصروف دن گزارنے کے بعد بدھ کی شام تقریباً 4.30 بجے بذریعہ سڑک واپس لاہور روانہ ہوئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں