امریکا: وائٹ ہاؤس کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے 4 افراد کی حالت تشویشناک

اپ ڈیٹ 05 اگست 2022
ایک روز قبل جھلسا دینے والی گرمی کے بعد گزشتہ روز شام کو واشنگٹن میں زبردست طوفان آیا — فوٹو: نیویارک ٹائمز
ایک روز قبل جھلسا دینے والی گرمی کے بعد گزشتہ روز شام کو واشنگٹن میں زبردست طوفان آیا — فوٹو: نیویارک ٹائمز

امریکا میں وائٹ ہاؤس کے شمال میں واقع ایک پارک میں گزشتہ شب آسمانی بجلی گرنے سے 4 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

امریکی اخبار 'نیویارک ٹائمز' کی رپورٹ کے مطابق ڈی سی فائر اینڈ ایمرجنسی میڈیکل سروسز ڈپارٹمنٹ کے ترجمان ویٹو میگیولو نے کہا کہ شام 7 بجے کے قریب 2 مرد اور 2 خواتین وائٹ ہاؤس کے پنسلوانیا ایونیو کے قریب لافائیٹ اسکوائر میں موجود تھے جہاں ان کے انتہائی نزدیک آسمانی بجلی گری۔

انہوں نے کہا کہ سیکرٹ سروس ایجنٹس اور امریکی پارک پولیس کے افسران قریب ہی موجود تھے جنہوں نے فوری طور پر امداد فراہم کرنے میں مدد کی اور چاروں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: آسمانی بجلی گرنے سے ایک روز میں 38 افراد ہلاک

ویٹو میگیولو نے کہا کہ 'فوری طور پر جان بچانے والی سروس فراہم کرنے کی صلاحیت بہتر نتائج کے لیے اہم ہے'۔

انہوں نے کہا کہ جب آسمانی بجلی گری تو چاروں متاثرہ افراد پارک میں درختوں کے قریب کھڑے تھے جبکہ طوفانی موسم کے دوران درختوں کے قریب کھڑے ہونا یقیناً محفوظ نہیں ہے۔

ایک روز قبل جھلسا دینے والی گرمی کے بعد گزشتہ روز شام کو واشنگٹن میں زبردست طوفان آیا جس کے پیش نظر پورے علاقے میں شدید گرج چمک کے ساتھ طوفان اور سیلاب کا انتباہ جاری کیا گیا۔

مزید پڑھیں: بنگلہ دیش میں شادی کی تقریب پر آسمانی بجلی گرنے سے 17 افراد جاں بحق

بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے مراکز کا کہنا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے کے امکانات سال میں ایک فیصد سے بھی کم ہوتے ہیں اور تمام متاثرین میں سے تقریباً 90 فیصد زندہ بچ جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2006 سے لے کر اب تک امریکا میں آسمانی بجلی گرنے سے 444 اموات ہو چکی ہیں، نیشنل ویدر سروس کے مطابق 2022 میں ملک میں آسمانی بجلی گرنے سے اب تک 9 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں