صحافیوں سے دھمکی آمیز رویے پر پی ٹی آئی وکیل فیصل چوہدری و دیگر پر مقدمہ درج

اپ ڈیٹ 11 اگست 2022
ایف آئی آر میں کہا گیا کہ کوریج میں مداخلت سے روکنے پر ہجوم نے حملہ کردیا —فائل فوٹو : ڈان نیوز
ایف آئی آر میں کہا گیا کہ کوریج میں مداخلت سے روکنے پر ہجوم نے حملہ کردیا —فائل فوٹو : ڈان نیوز

بنی گالا پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل فیصل چوہدری کے خلاف صحافیوں کو دھمکانے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ مقدمہ ایک نیوز چینل کے کیمرا مین واجد مغل کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت پر درج کیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق واجد مغل پی ٹی آئی رہنماؤں کی نیوز کانفرنس کی کوریج کے لیے بنی گالا میں موجود تھے، کانفرنس کے دوران فیصل چوہدری کے حامیوں کے ہجوم نے کوریج میں مداخلت کرنے کی کوشش کی۔

یہ بھی پڑھیں: ‘نامعلوم فون نمبرز’ سے ‘دھمکی آمیز’ کالز کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، فواد چوہدری

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ جب اس ہجوم کو میڈیا کوریج میں مداخلت سے باز رہنے کا کہا گیا تو انہوں نے حملہ کردیا اور واجد مغل سمیت دیگر صحافیوں کے ساتھ بھی بدتمیزی کی۔

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا کہ ہجوم کی جانب سے اس حملے کے دوران واجد مغل کا کیمرا بھی ٹوٹ گیا اور یہ تمام واقعہ فیصل چوہدری کے سامنے پیش آیا۔

بنی گالا پولیس نے کہا کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، واقعے میں ملوث اور ایف آئی آر میں نامزد افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں