کراچی: مندر سے مورتیاں چرانے میں ملوث 4 ملزمان گرفتار

اپ ڈیٹ 11 اگست 2022
مسروقہ اشیا کو خریدنے والے ڈیلرز کو بھی حراست میں لیا گیا — فائل فوٹو: ڈان اخبار
مسروقہ اشیا کو خریدنے والے ڈیلرز کو بھی حراست میں لیا گیا — فائل فوٹو: ڈان اخبار

کراچی پولیس نے گزشتہ دنوں لیاری میں واقع مندر سے سامان چوری کرنے میں ملوث 4 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے مورتیاں اور دیگر پوجا کا سامان برآمد کرلیا۔

ایس ایس پی سٹی آصف احمد بگھیو نے بتایا کہ پولیس نے جمعرات کے روز 4 افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے مسروقہ سامان برآمد کیا۔

سینئر افسر نے مزید بتایا کہ پکڑے گئے مشتبہ افراد مقامی مجرم ہیں جو مندر سے مورتیاں اور دیگر اشیا چوری کر کے پرانی اشیا فروخت کرنے والے افراد کو بیچتے تھے، ان اشیا کو خریدنے والے ڈیلرز کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوٹری: وزیراعلیٰ نے مندر میں چوری کا نوٹس لے لیا

آصف احمد بگھیو نے بتایا کہ تقریباً 3 ہفتے قبل لیاری کے علاقے بغدادی میں واقع مندر سے تقریباً 8 مورتیاں اور پوجا کا دیگر سامان چوری کیا گیا تھا۔

پولیس نے واقعے سے متعلق ملزمان کے خلاف ایف آئی آر نمبر (336/2022) درج کرلی ہے، تعزیرات پاکستان کی دفعہ 380 (رہائشی گھر میں چوری وغیرہ)، 457 (قابل سزا جرم کے ارتکاب کے لیے گھر میں گھسنا) اور دفعہ 34 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

پولیس نے مخبر کی جانب سے اطلاع دیے جانے پر کارروائی کرتے ہوئے ابتدائی طور پر ایک ملزم فاروق المعروف ڈاکٹر کو گرفتار کیا تھا جبکہ اس کی نشاندہی پر ساتھی ملزم شیراز تاج کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

مزید پڑھیں: لاڑکانہ: مندر سے چوری شدہ مورتیاں کباڑی کی دکان سے بر آمد

پولیس نے مسروقہ سامان کے دو خریداروں سیف الدین اور زکریا انور کو بھی گرفتار کر کے ان کے قبضے سے چوری شدہ سامان برآمد کر لیا۔

تفتیش کاروں نے پرانی اشیا کی خرید و فروخت میں ملوث 2 ڈیلرز کے خلاف بھی مقدمہ کرلیا ہے، ان کے خلاف مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 411 (خیانت کے ساتھ چوری کی جائیداد وصول کرنا) کا اضافہ کیا ہے جبکہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں