جشن آزادی کے موقع پر تحریک لبیک کی فیض آباد انٹر چینج پر ریلی

14 اگست 2022
سعد رضوی نے کہا کہ پاکستان کا دفاع انتہائی بہادر مسلح افواج کے ہاتھ میں ہے— فوٹو : ٹوئٹر
سعد رضوی نے کہا کہ پاکستان کا دفاع انتہائی بہادر مسلح افواج کے ہاتھ میں ہے— فوٹو : ٹوئٹر

یوم آزادی کے سلسلے میں تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے گزشتہ روز لیاقت باغ سے فیض آباد انٹر چینج تک ریلی نکالی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ’نظریہ پاکستان ریلی‘ کی قیادت ٹی ایل پی کے سربراہ علامہ حافظ سعد حسین رضوی نے کی، جس میں قاضی محمود آوانی، صاحبزادہ حافظ انس حسین رضوی، ٹی ایل پی پنجاب کے امیر علامہ پیر سید عنایت الحق سلطانپوری، علامہ ڈاکٹر شفیق امینی، علامہ غلام عباس اور علامہ فاروق الحسن قادری نے بھی شرکت کی۔

فیض آباد انٹر چینج پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ٹی ایل پی کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان دو قومی نظریہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا، قائد اعظم محمد علی جناح کی جدوجہد رائیگاں نہیں جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ سعد رضوی کی رہائی کا حکم

علامہ حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ ٹی ایل پی مادر وطن کے دفاع کے لیے ہر قسم کی قربانی دے گی اور دو قومی نظریہ کو ہر قیمت پر تحفظ فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع انتہائی بہادر مسلح افواج کے ہاتھ میں ہے اور کسی کو ملک کو تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ہم مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان کے ایک ایک انچ کا دفاع کریں گے۔

مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر تبصرہ کرتے ہوئے علامہ سعد رضوی نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اقوام متحدہ اور بھارت کو کشمیریوں کا حق خودارادیت تسلیم کرنا چاہیے۔

مزید پڑھیں: تحریک لبیک کے امیر سعد رضوی کو لاہور میں گرفتار کر لیا گیا

علامہ حافظ سعد حسین رضوی نے مزید کہا کہ مون سون کی بارشوں نے ملک کے کئی حصوں میں تباہی مچا دی جبکہ حکمران اور سیاستدان سیلاب زدگان کو بچانے کی بجائے اپنے مخالفین کو جیلوں میں بھیجنے میں مصروف ہیں۔

پولیس نے ریلی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے، فیض آباد انٹر چینج جانے والی سڑکیں بند کر دی گئیں اور ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب موڑ دیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں