کراچی کی مقامی عدالت نے معروف ٹی وی اینکر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت کی کچھ نامناسب ویڈیوز سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر وائرل کرنے پر ان کی ناراض اہلیہ دانیہ ملک کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست خارج کردی۔

سماجی تنظیم کے سربراہ شبیر شفقت نے ضابطہ فوجداری کے آرٹیکل 22 –اے کے تحت درخواست کی تھی جس میں انہوں نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ دانیہ ملک کے خلاف سائبر کرائیم قوانین کے تحت وفاقی تحقیقات ایجنسی (ایف آئی اے) کو کارروائی کرنے کی ہدایت دی جائے۔

مزید پڑھین: عامر لیاقت پر تیسری اہلیہ کے لگائے گئے 10 بڑے الزامات

ایڈیشنل سیشن جج اسلم حسین خواجہ نے سماجی کارکن کی درخواست پر سماعت کی اور فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا۔

دوران سماعت جج نے ریمارکس دیے کہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال سے معلوم ہوتا ہے کہ مرحوم عامر لیاقت کی زندگی میں ان کی اہلیہ دانیہ ملک نے ایسی تصاویر یا ویڈیوز وائرل کیں جو اخلاقی طور پر قابل اعتراض تھیں۔

جج نے سماجی کارکن کی درخواست خارج کرتے ہوئے کہا کہ جیسا کہ مرحوم عامر لیاقت کی بیٹی پہلے ہی ایف آئی اے کی سائبر کرائم ونگ کو درخواست دے چکی ہیں جس پر چار رکنی ٹیم انکوائری کر رہی ہے لہٰذا ایک ہی معاملے پر یہ درخواست قابل سماعت نہیں۔

اپنی درخواست میں شہری شبیر شفقت نے موقف اختیار کیا تھا کہ دانیہ ملک نے اپنے خاوند کی برہنہ تصاویر اور وڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کی جس نے میاں بیوی کے مقدس رشتے پر دراڈ ڈال دی۔

انہوں نے درخواست میں کہا تھا کہ دانیہ ملک کا ایسا عمل سائبر کرائم کے زمرے میں آتا ہے لہٰذا ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں:عامر لیاقت کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر ایک نظر

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ انہوں نے پہلے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ سے خاتون کے خلاف کارروائی کے لیے رجوع کیا تھا لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

دوسری جانب ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرلیگل اعجاز علی کلوڑ نے کہا کہ مرحوم عامر لیاقت کی بیٹی پہلے ہی اس معاملے پر ایجنسی کو درخواست دے چکی ہیں اور اس پر انکوائری بھی جاری ہے لہٰذا یہ درخواست قابل سماعت نہیں اس لیے خارج کی جائے۔

جج نے کہا کہ مرحوم رکن قومی اسمبلی کی بیٹی کی درخواست پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے 4 رکنی ٹیم تشکیل دی تھی جو اس معاملے پر تحقیقات کررہی ہے۔

جج نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ایک ہی معاملے پر دو درخواستیں قابل سماعت نہیں ہوتیں لہٰذا جج نے درخواست خارج کردی۔

خیال رہے کہ معروف ٹی وی اینکر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت اور دانیہ ملک نے رواں برس فروری میں شادی کی تھی جو کہ زیادہ وقت نہ چل سکی کیونکہ مئی میں طلاق لینے کے لیے دانیہ ملک نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔

مزید پڑھیں:پہلی بیویوں کو طلاق دی، نہ خلع کے کاغذات پر دستخط کیے، عامر لیاقت

بعدازاں عامر لیاقت کو مسلسل سوشل میڈیا پر کافی بے چین دیکھا جاتا رہا اور اس دوران ان کی مختلف ایسی وڈیوز بھی سامنے آئیں جن میں وہ اپنے خلاف تمسخر اڑانے پر آبدیدہ ہوگئے تھے جبکہ 9 جون کو کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر وہ بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے تھے جس کے بعد ہسپتال پہنچنے پر انہیں مردہ قرار دیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں