عمران خان کل تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان کریں گے، فواد چوہدری

09 ستمبر 2022
فواد چوہدری نے کہا کہ ملک کو انتخابات سے دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے — فوٹو: ڈان نیوز
فواد چوہدری نے کہا کہ ملک کو انتخابات سے دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے — فوٹو: ڈان نیوز

سابق وزیر اطلاعات اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اگر عمران خان کو سیاست سے مائنس کرنے کی کوشش کی جاتی ہے تو اس کے بعد رسمی طور پر پاکستان ایک بنانا ری پبلک بن جائے گا جبکہ عمران خان کل تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان کریں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی حالات پہلے ہی بہت مشکلات کا شکار ہیں اور ایسے وقت میں جب ملک کا بیشتر حصہ زیر آب آچکا ہے اس وقت چیئرمین عمران خان کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات بنائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف مقدمے بناکر ان کو نااہلی کے طرف لے جانے کی کوشش کی جارہی ہے اور ملک کو انتخابات سے دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

مزید پڑھیں: حکومت تسلیم کرنے کیلئے ہم پر دباؤ ڈالا جارہا ہے، فواد چوہدری

فواد چوہدری نے کہا کہ جن حلقوں میں انتخابات ملتوی کیے گئے ان میں سے کسی میں بھی سیلاب نہیں تھا اور اس کے بعد بلاول بھٹو زرداری نے جس طرح ڈراما کیا کہ اپنی ہی حکومت کی سفارش پر انتخابات کے ملتوی ہونے پر کہا کہ انتخابات ملتوی نہیں ہونے چاہیے تو کیا آپ اس وقت سو رہے تھے جب آپ کی حکومت یہ خط لکھ رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری نظروں میں اس وقت غیرقانونی اور عوامی مینڈیٹ سے محروم حکومت کو قائم رکھنے کا اب ان کے پاس ایک ہی طریقہ ہے کہ یہ عمران خان کو سیاسی میدان سے باہر کردیں اور اس کے بعد انتخابات کروانے کی پوزیشن میں آئیں۔

’سیاست اس وقت عمران خان حق اور مخالفت کے درمیان بٹی ہوئی ہے‘

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی سیاست اس وقت عمران خان کے حق اور مخالفت کے درمیان بٹی ہوئی ہے اور اگر آپ یہ سمجھیں کہ اینٹی عمران خان کرکے ان کو نااہل کرکے پاکستان میں جمہوریت برقرار رہ پائے گی تو یہ ممکن نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فواد چوہدری کا عدلیہ کو اپنی ساکھ بہتر بنانے کا مشورہ

انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی پاکستان کو ایک بنانا ری پبلک کہا جارہا ہے جہاں ڈمی وزیر اعظم اور ڈمی کابینہ ملک میں ہے جبکہ اصل فیصلے کہیں اور ہو رہے ہیں اور اگر عمران خان کو سیاست سے مائنس کرنے کی کوشش کی جاتی ہے تو اس کے بعد رسمی طور پر پاکستان ایک بنانا ری پبلک بن جائے گا جس کو پاکستانی قوم تسلیم نہیں کرے گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اس وقت تحریک انصاف کے سوا تمام جماعتیں حکومت میں ہیں اور تحریک انصاف کی قیادت کو اس طرح باہر کرنا پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کے مترادف ہوگا، مزید کہا کہ کل گوجرانوالہ میں عمران خان اپنی تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان کریں گے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کو ہٹانے کی ‘غیرملکی سازش’میں میڈیا کے چند سینئر لوگ بھی شامل ہیں، فواد چوہدری

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستانی معیشت کی گرتی ہوئی صورتحال، مہنگائی اور سیاسی صورتحال کو نظر میں رکھتے ہوئے عام انتخابات کے لیے موجودہ حکومت کو زیادہ وقت نہیں دیا جاسکتا اور یہان کی سیاست اب آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے جو حقیقی آزادی کے طرف گامزن ہوگی اور لوگوں کی منتخب حکومت قائم کرے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں