دریا میں پلاسٹک پھینکنے کا معاملہ: ارمینہ خان اداکارہ ریشم کی حمایت میں سامنے آگئیں

16 ستمبر 2022
اداکارہ نے لوگوں کو کچرا صاف کرنے کی مہم کا حصہ بننے کی تجویز دی—فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک
اداکارہ نے لوگوں کو کچرا صاف کرنے کی مہم کا حصہ بننے کی تجویز دی—فوٹو: انسٹاگرام/ فیس بک

پاکستانی نژاد برطانوی اداکارہ ارمینہ خان نے دریا میں پلاسٹک پھینکنے کے معاملے پر اداکارہ ریشم پر کی جانے والی سخت تنقید پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچرے کو غلط جگہ پھینکنا پاکستان کا پرانا اور عام مسئلہ ہے۔

ریشم کی جانب سے دریا میں پلاسٹک پھینکنے کی ویڈیو چند روز قبل وائرل ہوئی تھی، جس میں انہیں دریا میں مچھلیوں کے لیے خوراک پھینکنے سمیت پلاسٹک پھینکتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔

مذکورہ ویڈیو ریشم نے اپنے فیس بک پر شیئر کی تھی، جس میں وہ اپنی کار سے خوراک نکال کر دریا میں پھینکتی دکھائی دیں اور وہیں انہوں نے دریا میں پلاسٹک بھی پھینکا۔

یہ بھی پڑھیں: ریشم نے دریا میں پلاسٹک پھینکنے پر معافی مانگ لی

اداکارہ کی مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لوگوں نے ان پر خوب تنقید بھی کی اور ان کے عمل کو انتہائی افسوس ناک اور شرمناک قرار دیا تھا۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اگرچہ اداکارہ ریشم نے دو بار معافی مانگی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ وہ دو بار کورونا کا شکار ہونے کے بعد ذہنی مسائل کا شکار ہیں اور انہیں دریا میں پلاسٹک پھینکتے وقت اس بات کا احساس ہی نہیں تھا کہ وہ دریا میں کچرا پھینک رہی ہیں۔

ارمینہ خان نے ریشم کی حمایت کی—اسکرین شاٹ
ارمینہ خان نے ریشم کی حمایت کی—اسکرین شاٹ

اداکارہ کی جانب سے دو بار معافی مانگے جانے کے باوجود سوشل میڈیا پر اس پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے، جس پر اب ارمینہ خان نے ان کی حمایت کرتے ہوئے ان افراد کو آڑے ہاتھوں لیا ہے جو ریشم پر تنقید کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

ارمینہ خان نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ ریشم نے اپنی غلطی پر دوبار معافی مانگی جب کہ بطور پاکستانی ہمارے ذہن میں کچرے کو ہر جگہ پھینکنے کی بات رہتی ہے اور ہم میں سے ہر کوئی کبھی نہ کبھی ایسا کر بھی چکا ہے اور کچرے کو غلط جگہ پر پھینک بھی چکا ہوگا۔

اداکارہ نے لوگوں سے کہا کہ وہ دوسروں کو تنگ کرنا چھوڑ دیں—اسکرین شاٹ
اداکارہ نے لوگوں سے کہا کہ وہ دوسروں کو تنگ کرنا چھوڑ دیں—اسکرین شاٹ

اداکارہ نے لکھا کہ معافی مانگے جانے کے باوجود ریشم پر سخت تنقید پاکستانیوں کے ایک اور سنگین مسئلے کو ظاہر کرتی ہے اور یہ ثابت ہو رہا ہے کہ ہم نہ صرف کچرا عام جگہوں پر پھینکتے ہیں بلکہ دوسروں کو تنگ بھی کرتے ہیں۔

ارمینہ خان نے اسٹوری میں سوال بھی کیا کہ دوسرے لوگوں کو کچرا پھینکنے پر گالیاں دینے والے افراد میں سے کتنے ایسے لوگ ہوں گے جو کچرا صاف کرنے کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے؟

اداکارہ نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ آئیں اور اپنے کام سے ثابت کریں کہ وہ صفائی پسند اور دوسروں پر تنقید کرنے والے نہیں ہیں۔ ارمینہ خان نے ایک اور اسٹوری میں واضح طور پر لکھا کہ وہ سچ میں ایسے افراد کو پسند نہیں کرتیں جو دوسروں کو تنگ کرتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں