اسلام آباد: آئی جی کا ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا حکم

اپ ڈیٹ 21 اکتوبر 2022
سیاہ رنگ کی گاڑی سے ایک شخص اتر کر ہوائی فائرنگ کر رہا ہے—فوٹو: اسکرین گریب ٹوئٹر
سیاہ رنگ کی گاڑی سے ایک شخص اتر کر ہوائی فائرنگ کر رہا ہے—فوٹو: اسکرین گریب ٹوئٹر

اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں نامعلوم افراد کی جانب سے کی گئی ہوائی فائرنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ آئی جی اکبر ناصر خان نے وفاقی دارالحکومت کے علاقے شہزاد ٹاؤن میں پیش آنے والے ہوائی فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیا ہے اور متعلقہ علاقے کے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو معطل کردیا ہے۔

آئی جی اسلام آباد نے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (آپریشنز) کو واقعے کی انکوائری کرکے رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز اور ایس ایس پی آپریشنز کو 24 گھنٹوں میں فائرنگ میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس نے وردی پر نصب کیمرے کا باقاعدہ استعمال شروع کردیا

پولیس کی طرف سے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تعمیراتی کام میں مداخلت کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اسلام آباد پولیس کے تعلقات عامہ کے افسر کے مطابق یہ واقعہ اسلام آباد کے علاقے ترامڑی کے دو ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور گاؤں کے لوگوں کے درمیان تنازع سے جڑا ہوا ہے۔

سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شلوار قمیص میں ملبوس ایک شخص لوگوں کے تنازع کے دوران ہوائی فائرنگ کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد پولیس کا پارلیمنٹ لاجز میں آپریشن، رکن اسمبلی سمیت 18افراد گرفتار

اسی دوران، اسی طرح کے لباس میں ایک اور شخص کو سڑک کے کنارے کھڑے سیاہ رنگ کے پک اپ ٹرک سے بندوق سے لیس ہوکر اترتے دکھا جاسکتا ہے لیکن تیسرا شخص ان کو روک رہا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فائرنگ کے دوران ایک پولیس اہلکار ان کے پاس پہنچ کر فائرنگ کرنے والے شخص کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں جبکہ کچھ ہی دیر میں مسلح افراد وہاں سے بھاگ نکلتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں