سابق آرمی چیف کے لیے ’قابل اعتراض‘ زبان استعمال کرنے پر شہباز گل کے خلاف مقدمہ

اپ ڈیٹ 07 دسمبر 2022
درخواست گزار نے کہا کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت آرمی چیف کے خلاف مہم چلائی گئی— فوٹو: سوشل میڈیا
درخواست گزار نے کہا کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت آرمی چیف کے خلاف مہم چلائی گئی— فوٹو: سوشل میڈیا

کراچی پولیس نے سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور موجودہ سینئر فوجی افسران کے خلاف قابل اعتراض زبان استعمال کرنے پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے خلاف بریگیڈ تھانے میں محمد سعید نامی شہری کی مدعیت میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 500، 505، 131 اور 153-اے اور پریونشن آف الیکٹرونک کرائم ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق جیکب لائنز کے رہائشی شکایت کنندہ محمد سعید کا کہنا ہے کہ وہ پیشے کے اعتبار سے ایک حجام ہیں، ایک دن وہ اپنا موبائل فون استعمال کررہے تھے کہ اسی دوران انہوں نے ایک ویڈیو دیکھی جس میں پی ٹی آئی رہنما خطاب کررہے تھے، ویڈیو الیکٹرونک اور سوشل میڈیا پر گردش کررہی تھی جو بہت وائرل ہوئی۔

درخواست گزار نے بتایا کہ خطاب کے دوران شہباز گل کہہ رہے تھے کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ ’باجوہ صاحب کے احکامات کے بغیر‘ انہیں اور اعظم سواتی کو برہنہ کیا گیا ہو، یہ کیسے ممکن ہے کہ میجر جنرل کے عہدے پر فائز ایک آرمی افسر آرمی چیف کے احکامات کے بغیر سارے کام خود کررہا ہو؟۔

محمد سعید نے کہا کہ شہباز گل کی جانب سے نامناسب زبان استعمال کرنے کا مقصد عوام کو آرمی چیف اور دیگر فوجی افسران کے خلاف اکسانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز گل نے غلط تاثر دیا کہ ان تمام کاموں کے پیچھے آرمی چیف ملوث تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ مشتبہ شخص نے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت آرمی چیف کے خلاف مہم چلائی جو بعد میں سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی جس کا مقصد فوج کے خلاف نفرت اور اشتعال پھیلانا تھا۔

درخواست گزار نے کہا کہ مشتبہ شخص نے مہم کے ذریعے آرمی چیف کی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسے بیانات کا مقصد آرمی، نیوی اور ائیر فورس کے اندر بغاوت پیدا کرنے کی کوشش تھی اور عوام میں خوف اور بدنظمی پیدا کرنا تھا، ایسی صورتحال میں کوئی بھی شخص ریاستی اداروں کے خلاف غیر قانونی قدم اٹھا سکتا ہے جس کے نتیجے میں ملک کا امن متاثر ہوگا، اسی لیے شہباز گل کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

تبصرے (0) بند ہیں